وقت آگیا، عوام کو ان کے حقوق دلائے جائیں، مزمل اقبال

27

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملی مسلم لیگ پاکستان کے نائب صدر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے ہمیشہ عوام سے کیے گئے وعدوں کو فراموش کیا۔ اب وقت آگیا ہے کہ عوام کو ان کے حقوق دلائے جائیں، ہم متوسط طبقے کو آگے لانا چاہتے ہیں، خدمت کی سیاست سے ہی عوام کے مسائل حل کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اورنگی ٹاؤن میں الیکشن آفس کے افتتاح اور مستحق گھرانوں میں عید پیکیج کی تقسیم کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں ملی مسلم لیگ کے قومی و صوبائی
اسمبلی کے لیے مقامی حمایت یافتہ امیدواروں کے علاوہ معززین علاقہ بڑی تعداد میں موجود تھے۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ عوام سے جھوٹے وعدے کرنے والوں کے احتساب کا وقت آگیا ہے۔ جب تک عوام کو ان کے حقوق نہیں ملتے معاشرے میں انصاف قائم نہیں ہوگا۔ ماضی میں حکمرانوں نے تمام توجہ جائداد بنانے اور اس کے دفاع پر مرکوز کی۔ ملی مسلم لیگ متوسط طبقے کو آگے لاکر عوام کو ان کے حقوق دلائے گی، خدمت کے ذریعے ہی عوام کے مسائل حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت ملک بھر سے نمائندوں کو الیکشن کے لیے میدان میں اتار دیا ہے۔ زبردست انتخابی مہم چلاکر بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔ اتحاد کے ذریعے دیگر سیاسی جماعتوں کو ساتھ ملاکر نظریہ پاکستان کے تحفظ کے لیے کردار ادا کریں گے۔ آئندہ الیکشن میں کرپشن اور لوٹ مار کی سیاست کرنے والوں کو عوام مسترد کریں گے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ