شاہین ائرکو حجاج کی عمدہ سفری خدمات پر ایوارڈ دیا گیا 

91

کراچی( اسٹاف رپورٹر) مسافروں کوزیادہ سے زیادہ سہولتوں کی فراہمی کے عزم کے تحت پاکستان کی سب سے بڑی نجی اور دوسری پرچم بردار ائر لائن،شاہین ائرانٹرنیشنل کو حج 2017کے دوران حجاج کو عمدہ سفری خدمات کی فراہمی پر’بہترین ائرلائن‘ کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ ائر لائن کے چیئرمین ،کاشف صہبائی کو وفاقی وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی جانب سے دیا گیا۔ایوارڈ دینے کی تقریب ڈائریکٹوریٹ آف حج،اسلام آباد میں منعقد ہوئی جہاں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی،سردار محمد یوسف نے یہ ایوارڈ ائر لائن کو دیا۔ اسلام آباد میں شاہین ائر کے قائم مقام ڈائریکٹر،طارق محی الدین نے چیئرمین،شاہین ائر کی جانب سے وصول کیا۔اس موقع کی مناسبت سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے شاہین ائر کے چیئرمین نے کہا،’’ شاہین ائر میں ہماری ترجیح انڈسٹری میں پائے جانے والے عالمی معیارکے مطابق بہترین سفری خدمات کی فراہمی کے ذریعہ اپنے کسٹمرز کو مطمئن کرنا ہے۔حج جیسے مقد س فریضہ کی ادائیگی کی غرض سے سعودی عرب تک حجاج کے لیے پروازیں چلانا ہمارے لیے بہت اعزاز کی بات ہے۔یہ ایوارڈ اپنے ملک اور اس کے لوگوں کے ساتھ ہماری لگن کی توثیق ہے۔
جبکہ ہم سفر کے دوران مسافروں کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولت اور آرام کی فراہمی یقینی بناتے ہیں۔ ہماری ان کوششوں کااعتراف کرنے پر ہم وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم ٓہنگی کے شکر گزار ہیں۔‘‘گزشتہ کئی برسوں کے دوران شاہین ائرکو سالانہ حج فلائٹ آپریشنز کی کامیاب تکمیل پرڈائریکٹوریٹ جنرل آف حج پاکستان کی جانب تعریفی سند اور ایکسلینس ایوارڈ بھی دیے جا چکے ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ