جیسکو افسران مزدور کش رویے کو ترک کریں واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک

22

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے) کے صوبائی سیکرٹری محمد اقبال قائمخانی نے کہا ہے کہ ڈائریکٹر ایچ اینڈ آر حیسکو طارق مجید میمن مزدور کش رویے کو ترک کریں، وہ مزدوروں کے جائز مسائل کے حل میں بے جا رکاوٹیں ، ملازمین کے بچوں کی بھرتی، ڈیلی ویجز و کنٹریکٹ ملازمین کی نوکری سے برخاستگی کا خاتمہ، یونین اور اتھارٹی کے مابین معاہدے پر عمل درآمد کرائیں۔ ان خیالات کا اظہار محمد اقبال قائمخانی نے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر ایچ اینڈ آر نے جب سے چارج سنبھالا ہے مسلسل مزدور دشمن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ملازمین کے بچوں اور بالخصوص شہید ملازمین کے بچوں کی کیٹگری کے تحت یونین اور اتھارٹی کے مابین معاہدے کے برعکس بلا جواز نئے اقدامات کرکے رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔ میٹنگ میں طے کیے گئے اقدامات سے انحراف اور وقت ضائع کیا جارہا ہے۔ عدالت عظمیٰ آف پاکستان کے احکامات کے مطابق ملازم خواہ ڈیلی ویجز پر ہی کیوں کام نہ کررہا ہو اسکو کسی صورت نوکری سے نہیں نکال سکتے، یہ ملازمین چھٹیوں کے دن ہفتہ اور اتوار کو بھی کام کرتے ہیں مگر انہیں ان دنوں کوئی اوور ٹائم تک نہیں دیا جاتا، کم تنخواہ اور زیادتیوں کے باعث کافی ملازمین تو نوکریاں چھوڑ کر جاچکے ہیں، اب تو تھوڑے بچے ہیں اور بہت سے ملازمین حادثات کا شکار ہوکر شہدا میں شامل ہوچکے ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ