ائر بس ، نے خود کار ہوائی ٹیکسی کا تجربہ کر لیا

133

ائر بس کمپنی ویسے تو ہوائی جہاز بنانے کے لیے مشہور ہے لیکن اب اس نے ہوائی ٹیکسیاں بھی بنانا شروع کر دی ہیں۔ اس بلاہواباز الیکٹرک ٹیکسی کا نام وہانا ہے۔ امریکی ریاست اوریگن میں اس کا پہلا کامیاب تجربہ کیا گیا۔
یورپی ہوائی کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ یہ ٹیکسی زمین سے 16 فٹ بلند ہوئی اور پائلٹ کے بغیر کچھ دیر اڑنے کے بعد کامیابی سے اتر گئی۔ ائربس کو امید ہے یہ ٹیکسی شہروں میں لوگوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے کے فرائض سرانجام دے گی۔
ایر بس کے مطابق اس 8 پرویپلر والی ہوائی ٹیکسی میں ایک سواری کی گنجائش ہے اور یہ گنجان ٹریفک کے مارے شہروں میں لوگوں کو سہولت سے ان کی منزل تک کم وقت میں پہنچانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
سائنس فکشن فلموں میں ایک عرصے سے ذاتی گاڑیاں شہر کی بلند و بالا عمارتوں کے درمیان اڑتی نظر آتی رہی لیکن اس خواب کو عملی جامہ پہانے کی کوششیں اب تک ثمر آور ثابت نہیں ہو سکیں۔ اب ائر بس اس خواب کو حقیقت کا روپ دینا چاہتی ہے۔ اس نے اس ٹیکسی کی تیاری میں 2 برس صرف کیے۔
کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ حالیہ برسوں میں خودکار ڈرائیونگ کے میدان میں خاصی ترقی ہوئی ہے، اور کئی بڑی ٹیکنالوجی اور موٹر کمپنیاں اپنی گاڑیاں بغیر ڈرائیور کے سڑکوں پر چلانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ دوسری طرف الیکٹرک ٹیکنالوجی میں ترقی کے باعث اب اڑنے والی خودکار الیکٹرک گاڑیاں بنانا بھی ممکن ہو گیا ہے۔ گزشتہ برس ٹیکنالوجی کمپنی اوبر نے بھی اڑن ٹیکسیاں بنانے میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔
ایئربس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ ٹیکسی وی ٹی او ایل طرز کی ہے جو عمودی طور پر ہوا میں اوپر اٹھتی ہے اور اسی طرح لینڈ کرتی ہے اس طرح کسی طویل رن وے کے بغیر یہ ہیلی کاپٹر کی طرح اوپر اٹھتی ہے۔ کمپنی کے مطابق اسے مصروف شہرکی عمارت کی چھتوں پر اترنے اور پرواز کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
ائربس نے اے کیوبڈ نامی کمپنی قائم کی تھی اور اس سواری کو وہانا کا نام دیا تھا جو سنسکرت زبان کا ایک لفظ ہے جس کے معنی دیوتا کی سواری کے ہیں۔ اس کا پہلا پروٹو ٹائپ 2017ء میں تیار ہوگیا تھا اور ائربس نے اعلان کیا ہے کہ 2020ء تک اڑن ٹیکسی کو تجارتی پیمانے پر پیش کردیا جائے گا۔
یہ کسی ایندھن کے بجائے برقی چارج سے پرواز کرتی ہے اور ایک وقت میں صرف ایک شخص ہی اس میں بیٹھ سکتا ہے جبکہ اس کی بکنگ ایپ کے ذریعے کی جاسکے گی۔ ائربس نے اسے ہوائی ٹیکسی کے شعبے میں اہم کامیابی قرار دیا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ