حکومت صنعتوں کو فعال بنانے کیلیے مؤثراقدامات کررہی ہے

25

پشاور (آئی این پی )خیبرپختونخواکے سینئر وزیر بلدیات ودیہی ترقی عنایت اللہ نے کہاہے کہ صوبائی حکومت پائیدار معاشی ترقی کے حصول کے لیے صنعتوں کو مزید فعال بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کررہی ہے تاکہ صوبے سے بے روزگاری کے مکمل خاتمے کے ساتھ صوبے کی معاشی ترقی اور خوشحالی کوبھی ممکن بنایا جاسکے۔ یہ بات انہوں نے پیر کے روز پشاورمیں گدون امازئی انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے ایک نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ وفد نے صدر فضل رحیم گدون انڈسٹریل ایسوسی ایشن کی قیادت میں سینئر صوبائی وزیر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری صنعت فہیم وزیر، ڈی جی ای پی اے ڈاکٹر بشیر، چیف انسپکٹر لیبر ڈپارٹمنٹ واجد علی او ر نائب صدر گدون ایسوسی ایشن عمر گل بھی موجود تھے۔ سینئر صوبائی وزیر کو صدر گدون ایسو سی ایشن نے ممبران کے مسائل ومشکلات سے تفصیلی طورپرآگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں خیبرپختونخوا میں پروفیشنل ٹیکس صنعتی اداروں اور ان میں کام کرنے والے غریب مزدوروں کے ساتھ ساتھ باقی تمام ترکاروباری افراد، تاجروں اور پیشہ ورانہ افراد سے بھی وصول کیا جاتاہے جس کی شرح دوسرے صوبوں کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے لہٰذااس ٹیکس کو فوری طورختم کیاجائے۔ انہوں نے لیبر کوارٹرز اور فلیٹس سے متعلق مسائل کے حل کرنے کی بھی استدعا کی۔ سینئر وزیر نے وفد کے مسائل انتہائی توجہ سے سنے اور کہا کہ ان کے مسائل جائز ہیں اورا ن کے حل کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو محنت کشوں اورمزدوروں کے مسائل کا مکمل ادراک ہے اور وہ ان کا ازالہ کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھارہی ہے۔ عنایت اللہ نے کہا کہ حکومت نے عوامی فلاح وبہبود کے لیے پوری شفافیت کے ساتھ عمل درآمد شروع کررکھا ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو زیادہ سے زیادہ شجرکاری کرنے پر زوردیا تاکہ صوبے سے ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ کیاجاسکے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ