ملک میں جمہوریت نہیں‘ جوڈیشل مارشل لا ہے‘جاوید ہاشمی

65

اسلام آباد (صباح نیوز)ممتاز سیاسی رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت نہیں جوڈیشل مارشل لا ہے،عدالت عظمیٰ نے اس کو نااہل نہیں کیا جس نے آئین کو توڑا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں میٹ دی پریس میں کیا۔ مخدوم جاویدہاشمی نے کہا کہ سیاستدانوں، جنرلوں، ججوں نے اپنی ذمے داریاں صحیح ادا نہیں کیں، آج ہمیں جن چیلنجز کا سامنا ہے اس کی بنیادی وجہ ہمارے اداروں کی اپنی ذمے داریوں سے پہلو تہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک مسائل سے دوچار ہے۔ ہر آنے والا مسائل اضافہ کرتا جا رہا ہے۔ ہمارے ادارے اپنی آئینی حدود سے تجاوز کر کے دوسروں کے کام میں مداخلت کر کے اپنے اصل کام کو چھوڑ چکے ہیں۔ جس کی وجہ سے ملک ترقی کے بجائے تنزلی کی طرف جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدان بھی دوسروں کے ہاتھوں میں کھیلتے رہے ہیں۔ سیاستدانوں نے بھی اپنی ذمہ داریاں صحیح طریقے سے ادا نہیں کیں۔ جنرل ہوں یا جج ہر کسی نے اپنی ذمہ داریوں کو ادا نہیں کیا۔ آج ٹی وی چینلز میں ریٹائرڈ جنرل بیٹھ کر ہرشعبے پر تبصرے کرتے ہیں اور اپنے جنرلوں کا دفاع کرتے ہیں۔