پاکستان بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پر عزم ہے، صدر ممنون

45

اسلام آباد(اے پی پی)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان بچوں کے عالمی دن کے موقع پر اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ اپنے بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کا ر لائیں گے، انہیں ملک کے لیے مفید اور معاشرے کا سود مند شہری بنانے کے لیے معیشت، تعلیم، صحت اورتحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں۔ بچوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ جیسا کہ پاکستان 20 نومبر کو بچوں کے عالمی دن کو منانے کے لیے عالمی برادری کے ساتھ شامل ہے ، ہم اپنے بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پر عزم ہیں۔صدر نے زور دیا کہ بچوں کے عالمی دن کی مناسبت سے آج ہمیں اپنے مذہب کے احکامات اور آئین میں بھی مقرر کردہ بچوں کے ذمے دارانہ احکامات کو یاد رکھنا چاہیے، پاکستان بچوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے سب سے صف اول میں ہے،اس کے لیے حکومت نے بچوں کی بہتر معیشت، تعلیم، صحت , دیکھ بھال اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں۔ اسلام ہمارے بچوں کی دیکھ بھال، تحفظ اور ترقی کے مقدس کام کر نے کی حوصلہ افزائی کر تا ہے، ہماری مذہبی اور بین الاقوامی ذمے داریوں کے مطابق، حکومت بچوں کی حفاظت اور ترقی کی ضرورت سے واقف ہے، جو ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہے، اسلامی جمہوریہ کے طور پر، ہم بچوں کے بہترین مفادات کو فروغ دینے اور انہیں برابر مواقع تک رسائی فراہم کرنے کے ذمے دار ہیں، ہم اپنے بچوں کو ایک سازگار ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اس عزم کا اعادہ کر تے ہیں کہ انہیں ملک کے مفید اور عالمی برادری کے لیے ثمر آور شہری بننے کے قابل بنائیں گے، ہماری ریاستی پالیسیوں میں بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام جاری ہے،بچوں کے حقوق کی حفاظت اور برابر مواقع فراہم کرنے کے لیے عوامی اور نجی اداروں کے درمیان مضبوط شراکت داری کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے لہٰذا والدین،اساتذہ،سول سوسائٹی، این جی او،رضاکاروں،بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں، میڈیا اور کارپوریٹ شعبوں کو بچوں کے حقوق کے فروغ اور تحفظ کے حوالے سے تخلیقی کردار ادا کریں۔