قومی ٹی ٹوئنٹی ‘لاہور بلوز اور اسلام آباد کی ٹیمیں کامیاب

22

راولپنڈی(جسارت نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں لاہور بلوز نے پشاور اور اسلام آباد نے فیصل آباد کو شکست دے کر دوسری کامیابی حاصل کی۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری ایونٹ میں ہفتے کو کھیلے گئے پہلے میچ میں لاہور بلوز نے پشاور کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3 رنز سے شکست دے کر دوسری کامیابی سمیٹی، لاہور بلوز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، احمد شہزاد نے 50 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، حسین طلعت 37، کپتان محمد حفیظ 30 امام الحق 19 آغا سلمان 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، وقاص مقصود نے 3، کاشف بھٹی نے 2 اور سہیل خان نے ایک وکٹ لی، جواب میں پشاور کی ٹیم ہدف کے قریب پہنچ کر ہمت ہار گئی اور پوری ٹیم آخری اوور کی پانچویں گیند پر 170 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، نوید یاسین کی 62 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، رفات اللہ محمد 40، اسرار اللہ 26 اور مصدق احمد 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، علی شفیق اور اعزاز چیمہ نے 3، 3، آغا سلمان نے 2 اور خالد عثمان نے ایک وکٹ لی، اسی روز دوسرے میچ میں اسلام آباد نے فیصل آباد کو 2 وکٹوں سے ہرا کر دوسری کامیابی حاصل کی، فیصل آباد نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 170 رنز بنائے، صاحبزادہ فرحان 43، صہیب مقصود 38 اور خرم شہزاد 37 رنز بنا کر نمایاں رہے، عادل امین نے 4 محمد عرفان نے 2 اور عمر گل نے ایک وکٹ لی، جواب میں اسلام آباد نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی آخری گیند پر 8 وکٹوں پر حاصل کیا، سعد علی نے 52 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، عادل امین 35 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، شان مسعود 32 نعمان انور 9 رنز بنا سکے، تاج ولی
نے 3 یاسر شاہ نے 2 جبکہ اسد رضا اور فہیم اشرف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔