میٹرک بورڈامتحانات: 28 امیدوارنقل کرتے ہوئے پکڑے گئے

649

کراچی (رپورٹ: حماد حسین) ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت سالانہ امتحانات جاری ہیں، سیکریٹری بورڈسید محمد علی شائق اور ناظم امتحانات حبیب اللہ سہاگ روزانہ مختلف امتحانی مراکز کے دورے کر رہے ہیں بورڈ آفس میں بنائے گئے شکایتی سیل میں آج تقریباً28 امیدوار وں کی شکایت درج ہوئی جونقل کا مواد، موبائل فون اور اصل امیدوار کی جگہ نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے۔

ناظم امتحانات حبیب اللہ سہاگ نے حیاتیات نظری (پرچہ اول) کے دوران میجر ضیاء الدین گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول ناظم آباد کا دورہ کیا۔بورڈ کی ویجلینس ٹیم نے الائیڈ سیکنڈری اسکول بلدیہ ٹاؤن سے ایک امیدوارکو پکڑا جو اصل امیدوارکی جگہ امتحان دے رہا تھا۔

اسی طرح دیگر ویجلینس ٹیم نے بلوچ بوائز گورنمنٹ اسکول لیاری سے 2امیدوار وں سے نقل کا مواد اور موبائل فون استعمال کرتے ہوئے پکڑا، اسی طرح ویجلینس ٹیم نے گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول کورنگی سے 3 امیدوار نقل کرتے ہوئے پکڑے۔

بورڈ کی ویجلینس ٹیم شام کی شفٹ میں بی ایف کبیرول لیاری سے 22امیدوار نقل اور موبائل کا استعمال کرتے ہوئے پکڑے گئے۔اس موقع پر ناظم امتحانات حبیب اللہ سہاگ نے ایک بار پھر سختی سے تمام امیدواروں سے کہا کہ وہ نقل اور اپنی جگہ کسی اور فرد کو امتحان میں نہ بٹھائیں اس صورت میں ان پر دو سے تین سال کی پابندی بھی لگائی جاسکتی ہے۔

انہوں نے سینٹر سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے انجام دیں پینے کا صاف و ٹھنڈاپانی اور دیگر سہولتوں کا خاص خیال رکھیں۔