خیبر میں فورسز کا آپریشن، انتہائی مطلوب دہشت گرد ہلاک

206

خیبر:پولیس اور سی ٹی ڈی کی ایک کارروائی میں انتہائی مطلوب دہشت گرد مارا گیا۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے ذرائع کے مطابق سیکورٹی اہل کاروں اور پولیس نے 25 اپریل کو خیبر کے علاقے میں ایک آپریشن کیا، جس میں فائرنگ سے انتہائی مطلوب دہشت گرد ہلاک ہوگیا، جس کی شناخت عظمت کے نام سے ہوئی۔

کارروائی میں ہلاک ہونے والے دہشت گرد نے جمرود سے مدرسے کے چار طالب علموں کو اغوا کرکے انہیں کالعدم تنظیم میں شمولیت کے لیے اکسایا تھا۔ علاوہ ازیں دہشت گرد عظمت نے چاروں طلبہ کو افغانستان منتقل کیا، جہاں 2 طلبہ کو دہشت گردی کی ٹریننگ دی گئی۔

ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایک طالبعلم کو افغانستان سے واپسی پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔

اہل کاروں کے ہاتھوں کارروائی میں فائرنگ سے ہلاک ہونے والے دہشت گرد عظمت کےسر کی قیمت لاکھوں میں مقرر کی گئی تھی۔ ہلاک دہشت گرد عظمت سیکورٹی فورسز  اور پولیس پر حملوں کے علاوہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں بھی ملوث تھا۔ علاوہ ازیں دہشت گرد کے حملے میں خیبر میں 2 پولیس اہل کار بھی شہید ہوئے تھے۔