علی امین گنڈاپور مدعی سے سمجھوتے کے بعد مقدمے سے بری

225
will not compromise

اسلام آباد: خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور مدعی سے سمجھوتے کے بعد مقدمے سے بری کردیے گئے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے سول جج قدرت اللہ نے وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور کو بنی گالہ تھانے میں درج مقدمے سے بری کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت میں سماعت کے دوران مدعی مقدمہ عامر زمان کے وکیل رضوان اعظم عباسی پیش ہوئے اور انہوں نے عدالت کو بتایا کہ واقعے میں زخمی ہونے والا شخص پاکستان سے باہر ہے،  جس پر عدالت نے آن لائن ذریعے سے واقعے میں زخمی شخص کا بیان ریکارڈ کرنے کی ہدایت کی۔

دوران سماعت وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے میں  ملزم علی امین گنڈاپور کےساتھ سمجھوتا ہو چکا ہے،  او رکیس میں نامزد ملزمان کو بھی معاف کردیا گیا ہے۔ سماعت میں بیرون ملک مقدمے کے متاثرہ شخص محمد ولید نے آن لائن بیان ریکارڈ کروایا، جس میں اس نے بتایا کہ میں نے فی سبیل اللہ معاف کردیا ہے۔

بعد ازاں عدالت نے وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور اور دیگر ملزمان کو بنی گالہ میں درج مقدمے سے بری کرنے کا حکم جاری کردیا۔

یاد رہے کہ  علی امین گنڈاپور اور دیگر ملزمان کے خلاف تھانہ بنی گالہ میں  احتجاج کے دوران فائرنگ و دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج  تھا۔