ریاض: وزیراعظم سے پاک سعودی سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے جنرل سیکرٹری کی ملاقات

215

ریاض:وزیراعظم شہباز شریف سے مشیر شاہی دربار اور جنرل سیکرٹری سعودی پاکستان سپریم کوآرڈینیشن کونسل محمد بن مزیاد آل تویجری کی سربراہی میں وفد نے  ملاقات کی ، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔

اعلیٰ سطح کی اس ملاقات میں دونوں اطراف سے معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے غیر معمولی گرمجوشی کا اظہارکیا گیا۔  اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ کے وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے کے دوران پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری پر ہونےو الی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

سعودی وفد وفد نے پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے مملکت اور کمپنیوں کی طرف سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ  سعودی وزیر خارجہ کے پاکستان کے دورے کے بعد پاکستان میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری کی جانب سے  ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کردیا گیا ہے،جس میں سرکاری اور نجی سیکٹر دونوں کی سرمایہ کاری شامل ہے۔سعودی کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں پر مشتمل اہم وفد انتہائی کم وقت میں پاکستان کا دورہ کرے گا ۔

وفد نے شہباز شریف کو سعودی عرب کے ویژن 2030 کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا اور کہا کہ چاہتے ہیں کہ پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی تعلقات  سعودی ویژن 2030 کے تناظر میں آگے بڑھیں۔سعودی ویژن 2030 کے تحت پاکستانی افرادی قوت و سرکاری افسران کو تربیت فراہم کرنے کے حوالے سے ہر ممکن مدد کریں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ہم پاکستان کی گورننس اسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے سعودی حکومت کی کامیاب اصلاحاتی پالیسی کے تجربے سے مستفید ہونا چاہتے ہیں،پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں ۔ پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی وزیر خارجہ کی زیر قیادت وفد کی پاکستان آمد کے دوران  سعودی عرب کی پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے نمایاں پیشرفت ہوئی  ہے۔