بجلی و گیس لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کیخلاف احتجاج جاری رہے گا، پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی

403

کراچی: جماعت اسلامی کراچی پبلک ایڈ کمیٹی کی کور کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ادارہ نورحق میں سربراہ پبلک ایڈ کمیٹی سیف الدین ایڈووکیٹ کی صدارت میں ہوا۔

اجلاس میں کے الیکٹرک، سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے بجلی و گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ اور نرخوں میں ظالمانہ اضافے،زمینوں پر قبضے،سرکاری ملازمتوں کی بندر بانٹ، شہر میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز،چوری ڈکیتی،قتل و غارت گری، امن و امان کی ابتر صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔

پبلک ایڈکمیٹی کے اجلاس میں طے کیا گیا کہ عوام کے ان مسائل کے خلاف وفاقی وصوبائی حکومتوں کے خلاف شہر بھر میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

اجلاس میں پبلک ایڈ کمیٹی کے جنرل سیکرٹری نجیب ایوبی،نائب صدر عمران شاہد، شاہد فرمان، جوائنٹ سیکرٹری زبیر ابوالحسن،شعبہ تعلیم کے انچارج ابن الحسن ہاشمی، ہاؤسنگ سوسائٹی سیل کے ممبر سید قطب احمد، سیکرٹری اطلاعات فائق علی خان و دیگر ذمے داران نے شرکت کی۔

سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ کراچی کی ملازمتوں پر جابرانہ قبضہ سندھ حکومت کا متعصبانہ رویہ ہے،سرکاری ملازمتوں میں مقامی افراد کو نمائندگی دی جائے۔