محمد نوید اور شیمان انور پر 8,8 سال کی پابندی عائد

477

دبئی: (وزیر علی قادری) آئی سی سی کے اینٹی کرپشن ٹربیونل نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کرنے پر متحدہ عرب امارات کے 2 کھلاڑیوں محمد نوید اور شیمان انور بٹ پر 8,8  سال کے لئے ہر قسم کی کرکٹ کھیلنے کی پابندی عائد کردی ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پابندی کا اطلاق 16 اکتوبر 2019 سے ہوگا، دونوں کھلاڑیوں کو اسی روز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے آئی سی سی مینز ٹی ٹوءنٹی  ورلڈ کپ 2019 کوالیفائر کے میچوں میں کرپشن کی کوشش کرنے پر معطل کیا گیا تھا، تحریری اور زبانی دلائل پر مشتمل سماعت مکمل ہونے کے بعد ٹربیونل نے محمد نوید اور شیمان انور بٹ کو آرٹیکل 2.1.1 اور آرٹیکل 2.4.4 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا ہے۔

آرٹیکل 2.1.1: کسی ایسے معاہدے کا فریق بننا جس میں آئی سی سی مینز ٹی ٹوءنٹی ورلڈ کپ کوالیفائر 2019 کے کسی ایک میچ یا میچوں کے نتائج پر غلط طریقے سے اثر انداز ہونے کی کوشش کرنا شامل ہو. آرٹیکل 2.4.4: آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کوالیفائر 2019 کے ضابطہ اخلاق کے تحت کسی بھی کرپٹ طرز عمل میں ملوث ہونے یا اس کی پیشکش کی مکمل تفصیلات سے اینٹی کرپشن یونٹ کو آگاہ کرنے میں ناکام رہنا محمد نوید ٹی 10 لیگ 2019 کے شرکاء پر لاگو متحدہ عرب امارات کے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کے بھی مرتکب پائے گئے ہیں۔

آرٹیکل 2.1.1: کسی ایسے معاہدے کا فریق بننا جس میں ٹی ٹین لیگ 2019 کے کسی ایک میچ یا میچوں کے نتائج پر غلط طریقے سے اثر انداز ہونے کی کوشش کرنا شامل ہو. آرٹیکل 2.4.4: ٹی 10 لیگ 2019 کے ضابطہ اخلاق کے تحت کسی بھی کرپٹ طرز عمل میں ملوث ہونے یا اس کی پیشکش کی مکمل تفصیلات سے اینٹی کرپشن یونٹ کو آگاہ کرنے میں ناکام رہنا.

آئی سی سی کے جنرل منیجر برائے انٹیگریٹی یونٹ ایلکس مارشل کا کہنا ہے کہ محمد نوید اور شیمان انور بٹ نے اعلیٰ سطح پر اپنے ملک، متحدہ عرب امارات، کی نمائندگی کی، محمد نوید کپتان اور نمایاں باؤلر جبکہ انور شیمان ٹاپ آرڈر بیٹسمین تھے۔

دونوں طویل عرصے سے انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہے ہیں اور دونوں میچ فکسرز کے خطرے سے بخوبی آگاہ تھے، اس کے باوجود ان دونوں کا ایسی سرگرمی میں ملوث ہونا، دونوں کے عہدوں، ساتھی کھلاڑیوں، اور متحدہ عرب امارات کے کرکٹ کے فینز کے ساتھ دھوکہ دہی ہے۔

ایلکس مارشل نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ انڈیپنڈنٹ ٹریبونل نے ان دونوں پر ہر قسم کی کرکٹ پر کھیلنےپر پابندی عائد کی ہے اور یہ پابندی کسی بھی ایسے کرکٹر کے لئے انتباہ کی حیثیت رکھتی ہے کہ جو غلط راستہ اختیار کرنے کا سوچتا ہوگا.