خیبر پختونخوا میں مسلسل بارشیں، گندم کی فصلیں متاثر

458

پشاور:خیبر پختون خوا میں مسلسل بارشوں کے نتیجے  میں گندم کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جب کہ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی بھی پیش گوئی کی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پشاور کے علاوہ خیبر پختونخوا کے علاقوں مردان، نوشہرہ، ملاکنڈ، چارسدہ اور دیگر اضلاع میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس  کے بعد ایک جانب دریاؤں اور نہروں میں پانی کی سطح بتدریج بلند ہو رہی ہے، تو دوسری جانب گندم کی فصلوں کو بھی بری طرح نقصان پہنچا ہے۔

قدرتی آفات سے نمٹنے والے صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے کی جانب سے بارشوں کے دوران ممکنہ طور پر تودے گرنے کے خدشات اور دیگر نقصانات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہتے ہوئے حفاظتی اقدامات اور عوامی تحفظ کی ہدایات جاری کرنے کے لیے مراسلہ جاری کردیا ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے صوبہ خیبر پختونخوا میں 29  اپریل تک وقفے وقفے سے کئی اضلاع میں ہلکی یا تیز بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔