حکومت ایک کروڑ سے زائد گھروں کی طلب سے استفادہ کرے

52

کراچی(اسٹاف رپورٹر)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز اینڈ کامرس انڈسٹری کے سابق نائب صدر اور ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد)کے سابق چیئرمین محمد حنیف گوہر نے کہا ہے کہ پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے پی ٹی آئی حکومت کو چاہیے کہ ملک میں ایک کروڑ سے زائد گھروں کی طلب سے استفادہ حاصل کرے، کسی بھی ملک میں صنعتی و معاشی انقلاب لانے میں صرف تعمیراتی شعبہ ہی سب سے زیادہ اہم رول ادا کرسکتا ہے، ٹیکسٹائل سمیت 5 برآمدی صنعتوں کی زیرو ریٹنگ مراعات ختم کرنے سے ملکی برآمدات پر انتہائی منفی اثرات پڑیں گے۔حنیف گوہر نے اپنے ایک جاری بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اس وقت شدید مالی بحران سے دوچار ہے۔انھوں نے کہا کہتقریبا 7000 ارب روپے کے بجٹ میں 3000 ارب روپے کا خسارہ ہے جبکہ کرنٹ اکائونٹ خسارہ 20 ارب ڈالر اور تجارتی خسارہ 32 ارب ڈالر ہے جو ملکی معیشت کے لیے انتہائی تشویشناک ہے۔ وزیراعظم عمران خان ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے سخت جدوجہد کررہے ہیں،پاکستان کی تاجر برادری بھی وزیراعظم کی بھرپور مدد کرنا چاہتی ہے لیکن اس کے لیے حکومت کو کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس وقت ایک کروڑ 20 لاکھ رہائشی یونٹس کا شارٹ فال ایک سنہری موقع ہے ۔