قومی اسمبلی: بجٹ 2018-19ء پر بحث آج شروع ہوگی

42

اسلام آباد (اے پی پی) قومی اسمبلی وفاقی بجٹ 2019-20ء پر آج بحث شروع کرے گی، اجلاس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کریں گے ددسری جانب سینیٹ کا اجلاس بھی آج پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا، اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ پر بحث کا آغاز کیا جائے گا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق بجٹ پر عام بحث 24 جون تک جاری رہے گی، 25 جون کو وزیر مملکت برائے خزانہ حماد اظہر بجٹ پر بحث کو سمیٹیں گے اور اسی روز ہی قومی اسمبلی کے سامنے لازمی اخراجات کی تفصیلات پیش کر دی جائیں گی جن پر ارکان اسمبلی بحث کریں گے۔ 26 جون کو آئندہ مالی سال کے مطالبات زر پیش کیے جائیں گے جن پر اپوزیشن کی جانب سے کٹوتی کی تحاریک پیش کیے جانے کا امکان ہے جبکہ 27 جون کو بھی مطالبات زر پر رائے شماری ہوگی۔ شیڈول کے تحت 28 جون کو فنانس بل 2019ء منظوری کے لیے ایوان میں پیش کیا جائے گا۔ 29 جون کو بجٹ کی منظوری کے آخری مرحلے میں رواں مالی سال کے ضمنی مطالبات زر پر بحث ہوگی، 29 جون کو ہی آئندہ مالی سال 2018-19ء اور 2019-20ء کے ضمنی اخراجات کا شیڈول پیش کیا جائے گا اس طرح بجٹ کی منظوری کا مرحلہ مکمل کرلیا جائے گا۔