وفاق کراچی سرکلرریلوے ٹرین نہیں چلائے گا‘شیخ رشید

126

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وفاق کراچی سرکلر ریلوے ٹرین نہیں چلائے گا، کراچی سرکلر ریلوے کی پی سی ون سندھ حکومت نے منظور کرائی ہے، وہی اسے چلائے گی، بیجنگ معاہدے کے بعد ایکنک سے کراچی سرکلر ریلوے کے لیے260 ارب روپے منظور کرائے گئے، 43 میں سے34 کلو میٹر تجاوزات کا خاتمہ کرکے ٹریک ہم نے صاف کرا دیا ہے، ہمیں جو ملا ہے اس کی سزا پوری قوم کو مل رہی ہے ، ڈالر کی قیمتوں میں اضافہ نواز شریف اور شہباز شریف کی مرہون منت ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے کراچی ائرپورٹ پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔شیخ رشید نے کہاکہ کے سی آر منصوبے سے متعلق اقدامات ہو رہے ہیں،ہم سندھ حکومت کو سپورٹ کرنا چاہتے ہیں، کراچی سرکلر ریلوے اور گرین لائن کے راستے الگ الگ ہیں، وفاقی حکومت سے سندھ حکومت نے سرکلرریلوے کے لیے فنڈ منظورکرائے ہیں۔ ہم 15 دن میں 43 کلو میٹر کلیئر کر کے ٹریک سندھ حکومت کے حوالے کردیں گے ،یہ 3 سے 4 دن سختی کے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں تو کچھ بھی نہیں ہورہا ہے،سوائے ایڈز کے اورلاڑکانہ اس کا مین حب ہے،ڈوب مریں ایسے حکمران جو ایڈز پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سندھ پاکستان کا حصہ ہے یہاں کے سیاستدانوں کے بچوں کے بھی ایڈز ٹیسٹ ہونے چاہییں۔ انہوں نے کہاکہ مودی کو جیتنا تھا میں جانتا تھا، بھارت کا فائدہ اسی میں ہے کہ ایک مضبوط پاکستان زندہ رہے۔