آصف علی ورلڈکپ اسکواڈ کا حصہ مکی آرتھر نے گرین سگنل دے دیا

95

کراچی (سید وزیر علی قادری) 12ویں ورلڈ کپ کے شروع ہونے میں اب صرف 15روز باقی ہیں اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کے حوالے سے روزآنہ چے مے گوئیاں جاری ہیں۔ جب تک انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے 15کھلاڑیوں کی حتمی فہرست نہیں بھیجی جاتی اس وقت تک شائقین کرکٹ مختلف پیش گوئیوں سے لطف اندوز ہوتے رہیں گے۔ دیگر کھلاڑیوں کی طرح انگلینڈ کے دورے پر گئی ہوئی قومی ٹیم کے ایک اسٹار آصف علی اپنی شاندار کارکردگی سے ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کے دل کو بھا گئے ۔ ذرائع کے مطابق پاور ہٹر آصف علی کو ہیڈ کوچ کی جانب سے گرین سگنل مل گیا ہے اور ان کی خواہش ہے کہ وہ بقیہ 2میچوں میں انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں میں اپنی کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھیں۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ28سالہ آصف علی جن کا تعلق فیصل آباد سے ہے اور جنہوں نے گزشتہ سال 13جولائی کو زمبابوے کے خلاف ون ڈے میچ میں ڈیبیو کیا تھا اور انہوں نے 25گیندوں میں 46رنز اسکور کیے تھے جس میں 2چھکے اور 4 چوکے شامل تھے ان کی شمولیت پر کسی کو اعتراض نہیںہوگا۔ واضح رہے کہ پاکستان کو اس میچ میں 201رنز سے کامیابی حاصل ہوئی تھی۔انگلینڈ کے خلاف بھی5ایک روزہ میچوں کی سیریز میں آصف علی نے2میچوں میں شاندار کارکردگی دکھا کر اپنی شمولیت کو درست ثابت کیا ہے وہیں سلیکشن کمیٹی اور انتظامیہ کو اس بات پر سوچنے پر مجبور کردیا ہے کہ ان کو شیڈول ورلڈ کپ میں اسکواڈ کا حصہ بنایا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں قومی ہیڈ کوچ نے گرین سگنل دے دیا ہے ۔ توقع ہے کہ چند روز میں ہونے والے اہم اجلاس میں حتمی فہرست آئی سی سی کو حوالے کی جائے گی اس میں آصف علی کا نام بھی شامل ہوگا۔ مزید یہ خبریں بھی گردش کررہی ہیں کہ حارث سہیل یا عابد علی کو انگلینڈ کے خلاف کھیلی جانے والی سیریز کے بعد واپس وطن بھیج دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ تیسرے ون ڈے میں آصف علی نے43گیندوں میں 52رنز اسکور کیے تھے، جس میں 3چھکے 2چوکے شامل ہیں۔اس سے قبل دوسرے ون ڈے میں بھی متاثر کن کارکردگی دکھاتے ہویے پاور ہٹر نے 36گیندوں پر 4چھکے اور 2چوکوںکے ساتھ 51رنز اسکور کیے تھے تاہم دونوں میچ پاکستان اچھا کھیل کر بھی فتح سے ہمکنار نہ ہوسکا تھا۔