دہشت گردی کے واقعات امن کے دعویداروں کیلیے لمحہ فکر ہے،کاشف سعید

44

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت اور4 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ لوگوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے ملک وقوم، اسلام اور پوری انسانیت کے دشمن ہیں،انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں یکے بعد دیگرے دہشت گردی کے واقعات اور کوئٹہ میں دہشت گردی کے مسلسل واقعات امن وامان کے دعویدار حکمرانوں کیلیے لمحہ فکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر اس طرح کے واقعات کے ذریعے ایک طرف ملک میں افراتفری اور دوسری جانب سیکورٹی ادارروں کو چیلنج کررہے ہیں، غیروں کے آلہ کار اور کرایے کے قاتل کا کردار ادا کرنے والے لوگ کبھی بھی ملک وقوم کے خیرخواہ نہیں بن سکتے۔جماعت اسلامی نے ہمیشہ ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کی ہے پھر چاہے وہ فرد ،گروہ یا ریاست کرے۔جماعت اسلامی کے صوبائی رہنما نے زور دیا کہ حکومت عوام کو دہشت گردوں کے رحم وکرم پر چھوڑنے کے بجائے قیام امن اور شہریوں کے جان ،مال واملاک کی حفاظت کیلیے مؤثر اقدامات کرے۔