بائیڈن کی غزہ پالیسی، امریکی محکمہ خارجہ کی خاتون ترجمان احتجاجا مستعفی

272

واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کی عربی زبان کی ترجمان نے غزہ کے بارے میں بائیڈن انتظامیہ کی پالیسی کیخلاف بطور احتجاج اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔

غزہ پر بمباری پر اسرائیل کی غیرمشروط حمایت کے خلاف کئی امریکی سفارت کار اپنے عہدے سے استعفے دے چکے ہیں، خاتون ترجمان ہالا رہررِٹ دبئی ریجنل میڈیا ہب کی ڈپٹی ڈائریکٹر بھی تھیں اور 2006 میں فارن سروس میں بطور پولیٹیکل آفیسر شامل ہوئی تھیں۔

ہالا نے اپنے لنکڈ اِن پیج پر پیغام میں کہا کہ میں نے 18سال کی خدمات کے بعد استعفی دے دیا ہے ، انہوں نے کہا کہ وہ امریکا کی غزہ میں اسرائیلی جنگ سے متعلق پالیسی کے خلاف ہیں اور احتجاجا وہ استعفی دے رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلحہ نہیں ڈپلومیسی اختیار کریں اور امن اور اتحاد کے لیے طاقت بنیں۔

دوسری جانب امریکہ کو بین الاقوامی سطح پر اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے اسرائیل کی حمایت پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔