اسٹیل ملز انتظامیہ ٹاؤن شپ کے گیس کنکشن مستقل بنیادوں پر بحال کرے، منعم ظفر خان

526
the mercy of bandits

کراچی: جماعت اسلامی کراچی کے عبوری امیر منعم ظفر خان نے مطالبہ کیاہے کہ اسٹیل ملز انتظامیہ ٹاؤن شپ کے گیس کنکشن مستقل بنیادوں پربحال کرے،سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے جزوی گیس بحالی کے باعث اسٹیل ٹاؤن شپ کے رہائشیوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

ادارہ نورحق میں پاسلو یونین کے جنرل سکریٹری علی حیدر گبول کی قیادت میں نمائندہ وفد سے ملاقات کرتے ہوئے منعم ظفرخان نے کہاکہ  حاضر سروس ملازمین کی تنخواہوں سے یوٹیلٹیز کی کٹوتی کے بعد گیس، بجلی سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے،گھریلو صارفین کو کمرشل بلز بھیجنا غیر قانونی اقدام ہے، اسٹیل ملز انتظامیہ فوری طور پر گھروں میں گیس کے میٹرز انسٹال کرکے رہائشیوں کو ڈومیسٹک کنکشن فراہم کرے۔

جماعت اسلامی کراچی کے عبوری امیر کا کہنا تھا کہ   اسٹیل ملز انتظامیہ ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی، میڈیکل سہولیات بحال کرے،پروفیشنل بورڈ آف ڈائریکٹرز تشکیل دیا جائے، ملازمین کے لیئے وفاقی بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں کے لیئے رقم مختص کی جائے۔

انہوں نے کہاکہ  ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی اور برطرف ملازمین کو بحال کیا جائے، پرامن احتجاج ملازمین کا حق ہے جماعت اسلامی اسٹیل ملز کے مزدوروں کے ساتھ کھڑی ہے ہر طرح قانونی و سیاسی تعاون فراہم کریں گے۔