پی ٹی آئی کے 26 ویں ترمیم منظور کرانے پر ق لیگ کا تحفظات کا اظہار

54

لاہور (آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ(ق) نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے قومی اسمبلی میں منظور کرائے گئے 26ویں آئینی ترمیمی بل پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم کو اس سے آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے قومی اسمبلی سے 26واں آئینی ترمیمی بل منظور کرایا گیا جس پر پاکستان مسلم لیگ(ق) نے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ اس حوالے سے ق لیگ کے رہنما اور وفاقی وزیر ہائوسنگ طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ معاملے پر ہم سے بات کرنے کی بجائے یکطرفہ فیصلہ کیا گیا اور ہمیں اس معاملے میں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ طارق بشیر چیمہ نے ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین کو بھی آگاہ کر دیا۔ ذرائع کے مطابق چودھری شجاعت کے بیرون ملک سے وطن واپسی کے بعد لائحہ عمل طے کیا جائے گا اور وزیراعظم سے ملاقات کرکے انہیں معاملے سے آگاہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ق لیگ چاہتی ہے کہ جنوبی صوبہ پنجاب کے ساتھ ساتھ بہاولپور بھی بنایا جائے۔