پاکستان جلد عالمی اقتصادی قوت بن کر ابھرے گا،سفارتکار گھانا

274
گھانا کے سفارتکارمحمد کرانڈی کو گھانا کے قونصل جنرل شاہد رشید بٹ شیلڈ پیش کررہے ہیں
گھانا کے سفارتکارمحمد کرانڈی کو گھانا کے قونصل جنرل شاہد رشید بٹ شیلڈ پیش کررہے ہیں

اسلام آباد(کامرس ڈیسک)پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے گھانا کے سفارتکارمحمد کرانڈی نے کہا ہے کہ پاکستان وسائل اور صلاحیتوں سے مالا مال ملک ہے جس میں سرعت سے معاشی ترقی کے لوازمات موجود ہیں اور یہ دوست ملک جلد ایک عالمی اقتصادی قوت بن کر ابھرے گا۔کئی ممالک نے پاکستان کی مشاورت سے ترقی کی منازل طے کی ہیں ۔ 1969 میں پاکستانی برآمدات تھائی لینڈ، ملیشیاء اور انڈونیشیا کی مجموعی برآمدات سے زیادہ تھیں اور اب پاکستان دوبارہ ٹیک آف کر رہا ہے۔ افریقی ممالک پاکستان پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور سی پیک سمیت متعدد بڑے منصوبوں میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔ایران میں تعینات گھانا کے سفارتکارمحمد کرانڈی نے یہ بات پاکستان میں گھانا کے قونصل جنرل شاہد رشید بٹ جو اسلام آباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز کے سرپرست بھی ہیں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انھوں نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔پاکستان میں دنیا کی دوسری بڑی نمک کی کان، پانچویں بڑی سونے کی کان، پانچویں بڑے کوئلے کے ذخائر، ساتویں بڑے تانبے کے ذخائر موجود ہیں۔