بہت جلد امریکاکا بڑا مذہب اسلام اور صدر مسلمان ہوگا، راشد نسیم

142
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کررہے ہیں
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے منصورہ میں جاری مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل اسلام اور اسلامی تحریکوں کا ہے،امریکا اور برطانیہ سمیت پوری دنیا میں اسلام تیزی سے پھیل رہا ہے،عالمی سروے اور خود امریکی تھنک ٹینک اس بات کا اعتراف کررہے ہیں کہ آنے والے 2 عشروں میں خود امریکا میں اسلام سب سے بڑا مذہب اور امریکی صدر مسلمان ہوگا۔ اسلام کے خلاف عالمی استعمار کے تمام ہتھکنڈ ے اور سازشیں ناکام ہوچکی ہیں ۔ امریکا اور نیٹو کا افغانستان سے نکلنا اس کی ایک چھوٹی سی جھلک ہے ۔ دنیا نے دیکھ لیا کہ ایمان کی قوت سے مالا مال ایک چھوٹی سی جماعت نے تمام وسائل اور تباہ کن اسلحے سے لیس دنیا کے 46 ممالک کی فوج کو شکست سے دوچار کردیا۔راشد نسیم نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی اسلام کے ساتھ محبت اور رسول اللہ ؐ سے عقیدت اور عشق کو دیکھتے ہوئے سیکولر اور لبرل حکمرانوں کو مدینے کی ریاست کا نعرہ لگانا پڑ ا ،حکومت نے بے لاگ احتساب کے دعوے کیے ،بے روز گاری کے خاتمے اور بے گھر افراد کو چھت دینے کے سبز باغ دکھائے مگر 6 ماہ کے دوران حکومت ان وعدوں کی تکمیل کے لیے ایک قدم بھی نہیں اٹھا سکی ۔انہوں نے کہا کہ حکومت اب تک عوام کی توقعات پوری کرنے میں ناکام رہی ہے اور اگر حکومت نے یہی رویہ رکھا تو عوام زیادہ دیر انہیں برداشت نہیں کریں گے ۔ عوام کے اندر بڑھتی ہوئی غیر مقبولیت کا ایک ہی علاج ہے کہ حکومت اپنے وعدے کے مطابق ملک میں اسلامی نظام رائج کریں ،سودی معیشت سے توبہ کرکے اسلام کے زکوٰۃ و عشر کے پاکیزہ نظام کو اختیار کریں اور ملک میں قرآن و سنت کی بالادستی کو یقینی بنائیں ۔علاوہ ازیں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم آج مرکز اسلامی پشاور میں صوبائی ذمے داران کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کریں گے ۔