تنظیم اور تحریک کی کارکردگی کا انحصار ارکان کے کام اور مقصد پر ہوتا ہے

41

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی حلقہ خواتین جیکب آباد شہر کے تحت تھرڈ فیملی لین میں اجتماع ارکان سے مہمان خاص جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی حلقہ خواتین صوبہ سندھ عائشہ ظہیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ کسی بھی جماعت، تنظیم اور تحریک کی بہترین کارکردگی اور تنزلی کا انحصار ان کے بنیادی ارکان کے کام اور مقصد سے لگن یا دوری پر ہوتا ہے۔ ارکان دراصل جماعتوں کے آئینہ ہوتے ہیں۔ جماعت اسلامی جو ملک میں دین کی سربلندی، اللہ کے نظام کے نفاذ، حق و باطل، شرک و فسق اور ظلم و استیصال سے انسانی زندگی کو پاک کرنے اور زندگی کی تمام وسعتوں پر اللہ کی حاکمیت قائم کرنے کے لیے بنائی گئی ہے، اس میں روز اول سے اپنے کارکنان کی تربیت کا اہتمام موجود ہے، جماعت اسلامی کے اندر کارکنان کو عصری تعلیم کے ساتھ قرآن و حدیث اور فکری و نظریاتی لٹریچر سے گزار کر رکن تک لا کر ایک مضبوط اجتماعیت کا حصہ بنایا جاتا ہے۔ یہ ہی سبب ہے کہ آج تک جماعت اسلامی کے اندر دوسری جماعتوں کی طرح کوئی دھڑا بندی نہیں ہے۔ جماعت اسلامی کے اندر فیصلے انفرادیت پر نہیں بلکہ اجتماعیت کو ملحوظ رکھتے ہوئے مشاورت کی بنیاد پر منتخب شوریٰ کرتی ہے جس سے اجتماعیت مزید مستحکم ہوتی ہے۔ تقریب میں ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سندھ شاہدہ اعجاز نے کہا کہ مضبوط اجتماعیت، ایثار، اخوت، وقت کی قربانی، عفو و درگزر، محبت، کارکنان کے آپس میں باہمی روابط اور کسی بھی سطح کے بالائی نظم کا اپنے ارکان و کارکنان کے مسائل و حالات سے واقفیت اور ان کے حل کے لیے استطاعت کے مطابق کوشاں رہنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ تقریب میں ناظمہ ضلع نگینہ عبدالرسول، ناظمہ شہرام حسیب اور شہر بھر سے خواتین ارکان شریک رہیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ