اساتذہ کو ان کا جائزمقام دلانا ہماری تعلیمی پالیسی کا ایک اہم جزو ہے

85

پشاور(پانا نیوز)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے تعلیم ضیا اللہ بنگش نے کہا ہے کہ اساتذہ معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کو ان کا جائزمقام دلاناہماری تعلیمی پالیسی کا ایک اہم جز وہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا اساتذہ کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے تمام تروسائل بروئے کار لائے گی۔ انہوں اساتذہ پربھی زوردیا کہ وہ بھی اپنی توجہ معیاری تعلیم کی فراہمی پر مبذول کریں اور بچوں کو مستقبل کی ذمے داریوں کے لیے تیار کریں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول نمبر 2 کوہاٹ میں اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر بیسٹ ٹیچرایوارڈز دینے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مشیرتعلیم نے کہا کہ نئی نسل کوزیور تعلیم سے آراستہ کرنا اوراسے بہتر انداز میں ملک کی باگ ڈور سنبھالنے کے قابل بنانا ہمارا مشن ہیں جس پرکسی قسم کا سمجھوتا ممکن نہیں ۔انہوں نے کہا کہ شعبہ تعلیم ہمیشہ پی ٹی آئی کی حکومت کی اولین ترجیح رہی ہے اوریہ پہلی صوبائی حکومت ہے جس نے اپنے گزشتہ 5سالہ دور اقتدارمیں اس شعبے کی بہتری کے لیے حقیقی معنوں میں اقدامات اٹھائے اوراس کے بجٹ میں تین گنااضافہ کیا ۔اسی طرح تمام اسکولوں میں ناپید بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی اوراساتذہ کی کمی دورکی جس کی وجہ سے عوام کا سرکاری اسکولوں پر اعتماد بڑھ گیا اور نجی تعلیمی اداروں کے ڈیڑ ھ لاکھ سے زیادہ بچوں نے سرکاری اسکولوں کا رُخ کیا۔پولیو ڈیوٹی اور سیکورٹی سے متعلق اساتذہ کے مسائل کاذکر کرتے ہوئے ضیاء اللہ بنگش کا کہناتھا کہ انہوں نے اس سلسلے میں متعلقہ حکام سے بات کی ہے اور صوبائی اسمبلی کی فلور پر بھی یہ مسئلہ اٹھایا جائیگا۔مشیر تعلیم نے اسکول آمد پر شاندار استقبال کرنے اور بچوں کی جانب سے رنگارنگ پروگرام پیش کرنے پران کا شکریہ اداکیا ۔بعدازاں انہوں نے اساتذہ میں بیسٹ ٹیچر سرٹیفیکیٹس تقسیم کیے ۔قبل ازیں مشیر تعلیم نے کوہاٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کی زیر تعمیر عمارت کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو اسے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ