اہم خبریں

113

نواز شریف آج واہ کینٹ میںانتخابی جلسے سے خطاب کریں گے
اسلام آباد ( نمائندہ جسارت)سابق وزیر اعظم نواز شریف آج واہ کینٹ میں عقیل ملک کی انتخابی مہم میں جلسے سے خطاب کریں گے۔ جلسہ عمر فاروق کے بھتیجے عقیل ملک کی انتخابی مہم کے سلسلے میں ہے جن کا تعلق چودھری نثار گروپ
سے ہے۔ عقیل ملک کو مسلم لیگ (ن) نے این اے 63ٹیکسلا سے ٹکٹ جاری کیا ہے۔

عمران خان 3 نومبر کو چین کے3روزہ دورے پر جائیں گے
اسلام آباد ( آن لا ئن ) وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کو حتمی شکل دے دی گئی۔ عمران خان 3 نومبر کو 3 روزہ دورے پر چین کے لیے روانہ ہوں گے، جہاں وہ چینی صدر، وزیر اعظم اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے۔ عمران خان کے
دورہ چین میں سی پیک،ریلوے اور دیگر شعبوں میں تعاون پر غور کیا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، وزیر پلا ننگ اینڈ ڈیو لپمنٹ امیر خسرو بختیا ر بھی عمران خان کے ساتھ ہوں گے۔یاد رہے عمران خان کا وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد یہ دوسرا سرکاری دورہ ہو گا۔عمران خان نے اس سے قبل سعودی عرب کا سرکاری دورہ کیا تھا ۔

وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کرلیا
اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج جمعرات کو طلب کر لیا ، اجلاس میں حکومت کے پہلے 100دنوں کے پروگرام پرعملدرآمد سمیت شہباز شریف کی گرفتاری اور ناجائز اثاثہ جات کی واپسی پر بھی غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں نئے آئی ایم ایف پروگرام ،ایف اے ٹی ایف کے ساتھ مذاکرات پر کابینہ کو اعتماد میں لیا جائے گا، جبکہ حکومت کے پہلے 100 دنوں کے پروگرام پر عملدرآمد پر بریفنگ دی جائے گی۔ اجلاس میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کی گرفتاری اور ناجائز اثاثہ جات کی واپسی پر بھی غور کیا جائے گا، اس کے علاوہ ملک کی داخلی اور معاشی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

سعودی جیل میں قید پاکستانی کی آواز سن لی گئی، وزارت خارجہ سے جواب طلب
اسلام آباد(آن لائن)سعودی جیل میں قید پاکستانی شہری ظہیر نواز کی آواز سن لی گئی، عدالت عظمیٰ نے معاملہ کا نوٹس لیتے ہوئے وزارت خارجہ سے 15 روز میں جواب مانگ لیا ہے۔ظہیر نواز نے سوشل میڈیا پر میڈیا پیغام میں چیف جسٹس سے اپیل کی تھی،ظہیر نواز کے والد نے عدالت عظمیٰکے انسانی حقوق سیل میں درخواست بھی دائر کی تھی۔

وزیر خارجہ ایس سی او اجلاس میں شرکت کیلیے آج تاجکستان روانہ ہونگے
اسلام آباد (آئی این پی )وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دوشنبے میں شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کیلیے (آج) بروز جمعرات 2روزہ دورے پر تاجکستان روانہ ہونگے، علاقائی تعاون کیلیے وزیر اعظم عمران خان کے وژن سے آگاہ کریں گے، اجلاس میں تجارت ، معاشی تعاون اور علاقائی معاشی روابط پر بات ہوگی۔

آئی جی پنجاب نے پریڈکی تقریب میں شرکت نہ کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا
لاہور (نمائندہ جسارت) آئی جی پولیس پنجاب محمد طاہر نے چوہنگ ٹرینگ سینٹر میں منعقدہ لیڈیز پولیس اہلکاروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں شرکت نہ کر کے پنجاب حکومت کو اپنا احتجاج ریکارڈ کروا دیا ہے۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار تھے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ