قیام امن کیلیے پاکستانی تعاون کے خواہشمند ہیں، افغانستان

270

کابل (آن لائن) افغانستان کے وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان افغانستا ن میں امن کے قیام میں تعاون کریگا۔ کابل میں سینئر پاکستانی صحافیوں اور ٹی وی اینکرز سے ملاقات میں انہوں نے کہاکہ دہشت گردی سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے افغانستان تمام ممالک سے تعاون کا خواہاں ہے۔ انہوں نے جہاد کے دوران پاکستان کی جانب سے لاکھوں افغان مہاجرین کو پناہ دینے پر پاکستان کی مہمان نوازی کو سراہا۔ انہوں نے پاکستانی اور افغان صحافیوں کے دوروں کو خوش آئندقرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے دوروں سے باہمی تعلقات میں بہتری اور ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔ پاکستانی صحافیوں کی جانب سے افغانستان میں جاری جنگ اور پاکستان افغانستان کے درمیان کشیدہ تعلقات کے بارے میں پوچھے گئے سوالات پر افغان وزیر خارجہ نے کہا کہ جنگ مسئلے کا حل نہیں، افغانستان میں امن کے لیے ان کاملک پاکستان کے تعاون کا خواہشمند ہے۔پاکستانی وفد سینئر صحافی رحیم اللہ یوسفزئی کی قیادت میں کابل کے دورے پر ہے۔