ماسکو کانفرنس ،امریکی فوج افغانستان سے نکل جائے ،طالبان کا مطالبہ

204

ماسکو (صباح نیوز) روس میں جاری افغان امن مذاکرات کے دوران طالبان وفد نے امریکی فوجیوں کے افغانستان سے مکمل انخلا کا مطالبہ کردیا ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کی میزبانی میں ماسکو میں جاری افغان امن مذاکرات کا سلسلہ ہفتے کودوسرے روزبھی جاری رہا۔3 روزہ کانفرنس کی سربراہی ہفتے کو بھی روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کی۔ ہفتے کے سیشن میں طالبان کے مطالبے پر بحث کی گئی، دیگر معاملات پر بھی گفت و شنید ہو گی اور آج (اتوار کو) حتمی نتیجے تک پہنچا جائے گا۔ قبل ازیں طالبان وفد کے سربراہ نے 17 سالہ افغان جنگ کے خاتمے کوامریکی فوجیوں کے مکمل انخلا سے مشروط کرتے ہوئے کہا کہ امن مذاکرات کا انعقاد خوش آئند ہے لیکن ٹھوس اقدامات کی عملی تعبیر کے بغیر ہر قسم کے بحث و مباحثے ناکام ثابت ہوں گے۔ روسی حکام کا کہنا تھا کہ امن کانفرنس کا مقصد مشترکہ جدوجہد کے ذریعے افغانستان کی تاریخ میں نئے باب کا اضافہ ہے، اس سلسلے میں روس تمام فریقین کی سنجیدہ، بامقصد بات چیت اور مثبت نتائج کے لیے پرامید ہے جس کے لیے تمام فریقین کو اپنا نکتہ نظر پیش کرنے کے لیے آزاد پلیٹ فارم فراہم کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز شروع ہونے والی3 روزہ افغان کانفرنس میں افغانستان، پاکستان، بھارت، چین، امریکا اور افغان طالبان کے وفد سمیت 12ممالک کے وفود شرکت کر رہے ہیں جب کہ روس نے بطور میزبان کے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ