عافیہ کی رہا ئی کیلیے اقدامات کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

42

لاہور (نمائندہ جسارت) ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہا ئی کے لیے سفارتی و عدالتی سطح پر اقدامات کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی۔ قرارداد تحریک انصاف کی رکن صوبائی اسمبلی سیماببہ طاہر کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ قرارداد کے مطابق صوبائی اسمبلی پنجاب کا یہ ایوان تسلیم کرتا ہے کہ حافظہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی پاکستان کی بیٹی ہے، وہ اعلی تعلیم یافتہ، نظام مصطفیٰ کی داعی، نظام تعلیم میں اسلامی شعار کی خواہشمند ہیں۔ ڈاکٹر عافیہ کو پرویز مشرف نے ڈالروں کے عوض 2003ء میں امریکا کو فروخت کر دیا۔قوم کی بیٹی پر امریکی فوجی پر فائرنگ کا جھوٹ پر مبنی مقدمہ بنایا گیا، امریکا نے کمزور مگر سچی خاتون کو ناکردہ جرم کی پاداش میں 86 سال کی سزا دی۔جسے کوئی بھی باشعور پاکستانی شہری ماننے سے انکار کرتا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ متعدد مرتبہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کا معاملہ آگے بڑھا لیکن حکمرانوں کی عدم دلچسپی کی وجہ سے معاملات آگے نہ بڑھ سکے جبکہ امریکا پاکستانی شہریوں کاقاتل ریمنڈ ڈیوس اور دیگر قاتلوں کو باآسانی امریکا لے جانے میں کامیاب ہوتا رہا ہے جو حکومتوں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔وزیراعظم عمران خان ہی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے عالمی سطح پر بھرپور آواز اٹھائی۔ قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ ڈاکٹر عافیہ کو دختر پاکستان کا خطاب دیا جائے اور ان کی امریکا سے رہائی کے لیے سفارتی و عدالتی سطح پر بھرپور اقدامات کیے جائیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ