سری لنکا کا بنگلادیش کے خلاف شاندارریکارڈ ہے

85

سید پرویز قیصر
ایشیا کپ کا پہلا میچ سری لنکا اور بنگلا دیش کے مابین آج دبئی کے بین الاقوامی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ سری لنکا اوربنگلا دیش کے مابین ہونے والایہ ایشیا کپ میں13 واں اور مجموعی طور پر45 واں ایک روزہ بین الاقوامی میچ ہوگا۔ابھی تک دونوں کے مابین جو 44 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے گئے ہیں اس میں سری لنکا نے 36 اور بنگلا دیش نے 6 میں کامیابی حاصل کی ہے۔ دونوں کے درمیان2 میچ نامکمل بھی رہے ہیں۔ ایشیا کپ میں دونوں کا مقابلہ12 مرتبہ ہوا ہے جس میں سے سری لنکا نے 11اور بنگلا دیش نے ایک میں جیت درج کی ہے۔
دن اور رات کے میچوں میں بھی سری لنکا کا پلڑا بھاری ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین جو23 دن اور رات کے میچ کھیلے گئے ہیں اس میں سری لنکا نے17 اور بنگلادیش نے4 جیتے ہیں۔ دونوں کے مابین 2 میچ نامکمل بھی رہے ۔ آخری5 میچوں میں سری لنکا نے3 اور بنگلا دیش نے ایک میں کامیابی اپنے نام کی۔دونوں کے مابین ایک میچ نامکمل بھی رہا ہے۔سری لنکا اور بنگلا دیش کے درمیان آخری ایک روزہ بین الاقوامی میچ27 جنوری 2018 کو ڈھاکا میں کھیلا گیا تھا جو سری لنکا نے 79رنز سے جیتا تھا۔ سہ فریقی ٹورنامنٹ کے اس فائنل میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ50 اوورز میں221 رنزبنائے تھے۔ بنگلا دیش کے تمام کھلاڑی41.1 اوورز میں142 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے تھے جسکی وجہ سے اسے اس فاٗئنل میچ میں شکست ہوئی تھی۔
سری لنکا کا بنگلا دیش کے خلاف سب سے زیادہ اسکور50 اوور میں9 وکٹ پر357 رنزہے جو اس نے لاہور میں25 جون 2008 کو بنایا تھا۔ بنگلا دیش کا سری لنکا کے خلاف سب سے زیادہ اسکور50 اوور میں 5 وکٹ پر324 رنزہے جو اس نے دمبولا میں 25 مارچ 2017 کو بنایا تھا۔سری لنکا کا بنگلا دیش کے خلاف سب سے کم اسکور30.3 اوورز میں 147 ہے جو اس نے ڈھاکا میں 14جنوری 2009 کو بنایا تھا۔ بنگلا دیش کا سری لنکا کے خلاف سب سے کم اسکور30.1اوورز میں76 رنزہے جو اس نے کولمبومیں 5 اگست 2002 کو بنایا تھا۔ تلیکا رتنے دلشان نے26 فروری 2015 کو ملبورن میں کھیلے گئے عالمی کپ کے میچ میں146 گیندوں پر22 چوکوں کی مدد سے آؤٹ ہوئے بغیر161 رنز بنائے تھے جو سری لنکا کی جانب سے بنگلا دیش کے خلاف سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔ بنگلا دیش کے لئے سری لنکا کے خلاف سب سے بڑا انفرادی اسکور کرنے کا ریکارڈ تمیم اقبال کے پاس ہے جنہوں نے دمبولا میں25 مارچ 2017 کو 142 گیندوں پر15 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے127 رنز بنائے تھے۔ چمندا واس نے پیٹر مارٹیز برگ میں14 فروری 2003 کو کھیلے گئے میچ میں25 رنز دیکر6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا جو سری لنکا کی جانب سے بنگلا دیش کے خلاف سب سے اچھی بولنگ ہے۔ بنگلا دیش کے لئے سری لنکا کے خلاف سب سے اچھی بولنگ کا ریکارڈ عبدالرزاق کے پاس ہے جنہوں نے پالے کیلے میں 28 مارچ2013 کو 62 رنز دیکر 5 وکٹ لئے تھے۔ ٖ

Print Friendly, PDF & Email
حصہ