بھارت میں سیلاب کے نتیجے میں 650 افراد ہلاک، لاکھوں افراد بے گھر

29

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی ریاست اڑیسہ میں سیلاب کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 650 سے تجاوز کر گئی۔ حکام کے مطابق 8 اگست سے جاری سیلاب سے صورتِ حال بتدریج خراب ہو رہی ہے اور لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔ مون سون بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے صورتِ حال مزید خراب ہونے اور مزید علاقوں کے زیرِ آب آنے کا خدشہ ہے۔ ہزاروں فوجی اور سرکاری اہلکار امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، تاہم مسلسل بارش کے باعث انہیں دشواری پیش آ رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ صدی کے دوران ریاست میں آنے والا یہ بدترین سیلاب ہے۔
کم جونگ اُن کا ٹرمپ کو خط
دوبارہ ملاقات کی خواہش
پیانگ یانگ(انٹرنیشنل ڈیسک) شمالی کوریا ئی رہنما کم جونگ ان نے ڈونلڈ ٹرمپ سے ایک اورملاقات کی خواہش کا اظہار کردیا۔وائٹ ہاؤس سے جاری اعلان کے مطابق امریکی صدر کو شمالی کوریا ئی سربراہ کی جانب سے ایک خط موصول ہوا، جس میں انہوں نے ٹرمپ کے ساتھ ایک اور ملاقات کی خواہش ظاہر کی۔ امریکی صدارتی ترجمان سارہ سینڈرز نے بتایا کہ سربراہ ملاقات کے لیے معاملات طے کیے جارہے ہیں، تاہم ملاقات کے وقت اور جگہ کے بارے میں کچھ نہیں بتایاگیا۔ دوسری جانب جنوبی کوریا ئی صدر مون جائے ان نے اس خبر کو خوش آیند قرار دیا ہے۔
نائیجیریا: گیس لائن پھٹنے سے
58 افراد ہلاک
ابوجا (انٹرنیشنل ڈیسک) نائیجیریا میں گیس پائپ لائن پھٹنے کے 2واقعات کے نتیجے میں 58 افراد ہلاک ہو گئے۔ ریاست ناساروا کے دارالحکومت لافیا کی مرکزی شاہراہ سے گزرنے والی گیس لائن پھٹنے سے کئی گاڑیاں جل کر خاکستر اور 40افراد ہلاک ہوئے۔ دوسری جانب وارری شہر میں ایک گیس ڈپو کی سپلائی لائن پھٹنے کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال میں منتقل کیا گیا۔ واضح رہے کہ رواں برس کے دوران نائیجیریا میں گیس لائن پھٹنے کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔ جنوری میں ایک گیس ڈپو میں ہونے والے دھماکے میں 10 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ