سبزی منڈی : تاجروں کو بجلی کی فراہمی کے لیے تاروں اور کھمبوں کے بھی پیسے طلب

95

مارکیٹ کمیٹی نے کے الیکٹرک کے ساتھ ملکر فروٹ سیکشن سے میٹروں کی تنصیب کیلئے ساڑھے پانچ کروڑ روپے کے واجبات

وصول کئےواجبات کی ادائیگی کے باوجود فروٹ سیکشن کے بلاک سی سیون ایف اور اے ایف ون تاحال بجلی سے محروم ہیں

کراچی:سپر ہائیوے پر قائم سبزی منڈی میں فروٹ سیکشن کے دکانداروں کو بجلی کی فراہمی کیلئے میٹروں کی تنصیب کے ساتھ ساتھ تاروں اور کھمبوں کیلئے بھی پیسے طلب کئے گئے ہیں جبکہ واجبات کی ادائیگی کے باوجود فروٹ سیکشن کے بلاک سی سیون ایف اور اے ایف ون تاحال بجلی سے محروم ہیں۔تفصیلات کے مطابق سبزی منڈی فروٹ سیکشن کے تاجروں کا کہنا ہے کہ مارکیٹ کمیٹی نے فروٹ سیکشن میں بجلی کے مسئلے کے حل اور دکانوں میں میٹروں کی تنصیب کیلئے کے الیکٹرک حکام کے ساتھ ملکر پہلے فروٹ سیکشن سے ساڑھے پانچ کروڑ روپے کے واجبات وصول کئے

جس کے بعد دکانداروں کو میٹرز کی تنصیب کیلئے پے آرڈرز کی شکل میں بھاری رقوم جمع کرانے کی ہدایات کی گئیں،اس ضمن میں بعض دکانداروں سے 21ہزار141روپے کے پے آرڈرز بھی وصول کئے گئے ،تاہم دکاندار اس وقت حیرت زدہ رہ گئے جب انہیں کے الیکٹرک کی جانب سے بلوں کے علاوہ میٹرز کی تنصیب کیلئے تخمینہ کے نوٹس وصول ہوئے جس میں دکانداروں سے نئے کنکشنز کی مد میں10ہزار روپے سے زائد،جی ایس ٹی کی مد میں2ہزار کے لگ بھگ اور سیکورٹی ڈپازٹ کی مد میں ساڑھے تین ہزار روپے سے زائد کی رقم جمع کرانے کی ہدایات موصول ہوئیں

دکانداروں کے مطابق جب اس ضمن میں کے الیکٹرک حکام سے رجوع کیا گیا تو انہیں بتایا گیا کہ پے آرڈرز کی شکل میں جمع کرائی جانے والی رقم فروت سیکشن میں کھمبوں کی تنصیب اور تاریں بچھانے پر صرف کی جائیگی جبکہ دکانداروں کو بھیجا جانیوالا تخمینہ میٹرز کی مد میں دیا گیا ہے ،فروٹ سیکشن کے دکانداروں نے اس ضمن میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے الیکٹرک وقار سے بھی رجوع کیا جنہوں نے دکانداروں کو مذکورہ رقم جمع کرانے کی ہدایت کی جبکہ مارکیٹ کمیٹی کے کرتا دھرتا اس ضمن میں پر اسرار خاموشی اختیا رکئے ہوئے ہیں،دکانداروں کا کہنا ہے کہ یہ کہاں کا اصول ہے کہ بجلی کی فراہمی کیلئے کھمبوں اور تاروں کی رقم بھی صارفین سے وصول کی جائے اور یہ بتایا جائے کہ فروٹ سیکشن میں حال ہی میں بجلی کے لگائے گئے

تار کس کے احکامات پر اتارے گئے ،دکانداروں کا کہنا ہے کہ اگر ان کے ساتھ انصاف نہ کیا گیا تو وہ اس معاملے پر کے الیکٹرک اور مارکیٹ کمیٹی کے خلاف عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں،دکانداروں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ فروٹ سیکشن میں اوپری منزل کو رہائشی اور نیچے کی منزل میں کمرشل کنکشنز دیئے جائیں جیسا کہ طارق روڈ پر واقع مارکیٹس میں دیئے گئے ہیں کیونکہ فروٹ سیکشن میں کاوبار نیچے کی منزل میں ہوتا ہے جبکہ اوپر کی منزل میں دکانداروں کی رہائش اور آرام کیلئے جگہ مختص ہے ،دکانداروں نے پی ایم ٹی سے بلاک سی سیون ایف اور اے ایف ون کو بجلی کی فراہمی منقطع کرنے پر بھی شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واجبات کی ادائیگی کے باوجود مذکورہ بلاکس میں بجلی کی عدم فراہمی سراسر زیادتی ہے اور متعلقہ حکام کو اس کا نوٹس لینا چاہیئے ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ
mm
قاضی جاوید سینئر کامرس ریپورٹر اور کامرس تجزیہ، تفتیشی، اور تجارتی و صنعتی،معاشی تبصرہ نگار کی حیثیت سے کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں ۔جسارت کے علاوہ نوائے وقت میں ایوان وقت ،اور ایوان کامرس بھی کرتے رہے ہیں ۔ تکبیر،چینل5اور جرءات کراچی میں بھی کامرس رپورٹر اور ریڈیو پاکستان کراچی سے بھی تجارتی،صنعتی اور معاشی تجزیہ کر تے ہیں qazijavaid61@gmail.com