کراچی کے عوام کو ان کا حق دلاکر رہیں گے،زاہد سعید 

43

کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحدہ مجلس عمل کے نامزد امیدواراین اے 244 زاہد سعید نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام کو ان کا حق دلا کر رہیں گے ،کرپٹ حکمرانوں نے عوام کو بنیادی ضروریات سے محروم کردیا ، پانی ، بجلی ، ٹرانسپورٹ ،صحت ،سستی اور معیاری تعلیم عوام کا بنیادی حق ہے ، عوام 25جولائی کو شہر کو تباہ و برباد کرنے والوں کو مسترد کردیں اور ایم ایم اے کے انتخابی نشان کتاب پرمہر لگاکر مجلس عمل کو کامیاب بنائیں ۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے سی پی برار سوسائٹی میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
کارنرمیٹنگ سے پی ایس 103کے امیدوار محمد جنید مکاتی نے بھی خطاب کیا۔زاہد سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم دونوں نے شہر کو 30سال سے یرغمال بنا کر رکھا ہوا ہے ،عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے قومی خزانے لوٹ کربیرون ملک منتقل کر نے اور قوم کو بدحال کرنے والوں سے25 جولائی کو انتقام لیں گے ، حکمران ملک سے غربت کے خاتمے اور عوام کو ان کے بنیادی حقوق دینے میں ناکام رہے ،عوام کو غربت ، جہالت ، مہنگائی اور بیروز گاری دینے والوں سے اب پچھلے تمام حساب برابر کرنے کا وقت آگیا ہے ، ایم ایم اے کی دیانت دار قیادت ہی شہر کو موجودہ بحران سے نکال سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ہمیشہ سے تہذیب و تمدن کا مرکز رہا ہے لیکن عوام کو سیکولر بنانے کے لیے نا م نہاد سیکولر دانشور دن رات اسلامی تشخص کو مٹانے کے لیے مختلف حربے استعمال کر رہے ہیں اور انتہا پسندی کے خاتمے کے نام پر مغربی نظام کا فلسفہ لایا جا رہا ہے ۔ تمام نظاموں کے تجربے کیے جاچکے ہیں ، اب اسلامی نظام کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے ۔ جنید مکاتی نے کہا کہ حکمرانوں نے وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنے کے بجائے اپنی عیش و عشرت پر خرچ کیے جب تک ایم ایم اے کی دیانتدار قیادت منتخب نہیں ہوگی عوام کو ضروریات زندگی سستے داموں دستیاب نہیں ہوں گی اور کراچی کے عوام کو تعلیم و علاج کی سہولتیں نہیں ملیں گی ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ