قوم کا مستقبل نظریاتی لوگوں سے وابستہ ہے‘سید منور حسن

37
کراچی، جماعت اسلامی کے سابق امیر سیدمنور حسن اور میرحاصل بزنجو صدیق بلوچ کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کررہے ہیں
کراچی، جماعت اسلامی کے سابق امیر سیدمنور حسن اور میرحاصل بزنجو صدیق بلوچ کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ معاشرے میں نظریاتی لوگوں کی کمی کی وجہ سے زندگی کے ہر شعبے میں ہارس ٹریڈنگ ہو رہی ہے‘ نظریاتی لوگ معاشرے کے خیر خواہ ہوتے ہیں‘ بڑے سے بڑے مسائل کا سامنا کرلیتے ہیں‘ قوم کا مستقبل نظریاتی لوگوں سے وابستہ ہے‘ صدیق بلوچ بھی نظریاتی انسان تھے۔ وہ منگل کو کراچی پریس کلب کے زیر اہتمام معروف صحافی و تجزیہ کار محمد صدیق بلوچ مرحوم کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کر رہے
تھے۔ وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ میر حاصل خان بزنجو، کراچی پریس کلب کے صدر احمد خان ملک، جنرل سیکرٹری مقصود احمد یوسفی، صدیق بلوچ کے صاحبزادے عارف بلوچ، سینئر صحافی ادریس بختیار، سابق سیکرٹری علاؤ الدین خانزادہ، سابق صدور، امتیاز خان فاران، فاضل جمیلی، طاہر حسن خان، پر وفیسرڈاکٹر توصیف احمد خان، سینئر صحافی سرفراز احمد، عابد علی سید، یوسف مستی خان، سعید سر بازی، ماسٹر یار محمد اور رمضان بلوچ سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ منور حسن نے مرحوم صدیق بلوچ کی صحافتی، سیاسی اور ادبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ صدیق بلوچ سیاست اور صحافت کے میدان میں ایک دلیر انسان تھے‘ ملک کی موجودہ صورتحال میں نظریاتی لوگوں کو ایک جگہ جمع ہو کر اپنے نظریات کو پھیلانے کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر میر حاصل خان بزنجو نے کہا کہ صدیق بلوچ اور جام ساقی کی وفات ملک کے لیے ایک بہت بڑا المیہ ہے‘ صدیق بلوچ کی سیاسی زندگی صحافتی زندگی سے زیادہ طویل تھی‘ صدیق بلوچ نے صحافت میں بھی ہمیشہ متوسط طبقے کے مسائل کو اجاگر کیا ہے‘ صدیق بلوچ کی کاوشوں سے بڑی تعداد میں بلوچ نوجوان صحافت سے وابستہ ہوئے اور شعبہ صحافت میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ کراچی پریس کلب کے سیکرٹری مقصود یوسفی نے کہا کہ صدیق بلوچ ایک نڈر صحافی تھے‘ ان کے انتقال سے صحافت کا ایک ستارہ غروب ہوگیا ہے۔ کراچی پریس کلب کے صدر احمد خان ملک نے کہا کہ صدیق بلوچ ایک سچے صحافی تھے اور صحافت میں بڑی بہادری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے رہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ