وزیراعظم اور آرمی چیف کا دورہ کنٹرول لائن‘ بنکرز بنانے اور متاثرین کی امداد میں اضافے کا اعلان

102
مظفر آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی جنرل قمر باجوہ کے ساتھ کنٹرول لائن کا دورہ کر رہے ہیں، چھوٹی تصویر میں بریفنگ دی جا رہی ہے
مظفر آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی جنرل قمر باجوہ کے ساتھ کنٹرول لائن کا دورہ کر رہے ہیں، چھوٹی تصویر میں بریفنگ دی جا رہی ہے

راولپنڈی(خبر ایجنسیاں) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا چڑی کوٹ سیکٹر میں کنٹرول لائن کا دورہ ، شہدا اور زخمیوں کے اہل خانہ سے ملاقات ،آبادی کے لیے بنکرز بنانے اور متاثرین کی امداد میں اضافے کا اعلان کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کنٹرول لائن پہنچے جہاں کورکمانڈر راولپنڈی نے ان کا استقبال کیا جبکہ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر بھی ان کے ساتھ تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم نے بھارت کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں، اشتعال انگیزیوں اور معصوم جانوں کے نقصان کی مذمت کی۔وزیراعظم کو جنرل آفیسر کمانڈنگ کی جانب سے کنٹرول لائن پر بھارت کی اشتعال انگیزیوں اور عام شہریوں کو نشانہ بنانے سمیت پاک فوج کے مؤثر جواب پر بریفنگ دی گئی۔ترجمان پاک فوج کے مطابق وزیراعظم نے شہدا اور زخمیوں کے خاندانوں کے لیے مالی معاونت اور علاقے میں فلاح کے لیے فنڈز کا اعلان کیا اور ساتھ ہی شہریوں کی حفاظت کے لیے بنکرز بنانے کی بھی ہدایت کی۔اس موقع پر وزیراعظم نے بھارتی اشتعال انگیزیوں سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات میں نے ان کے حوصلے کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی اخلاقی وسیاسی حمایت جاری رکھے گا۔آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم نے کنٹرول لائن پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی جس میں انہوں نے مادر وطن کے دفاع اور کشمیریوں کی حفاظت کے لیے جوانوں کی قربانیوں کو سراہا۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھاکہ دنیا کی کوئی بھی فوج پاک فوج کی ثانی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرقی سرحد پر مستقل خطرے کے باوجودہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیاب سنگ میل ہے ، دہشت گردی کا خاتمہ اور امن کی بحالی ہمارا عزم ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارتی فائرنگ سے زخمی لڑکی جس کی ٹانگ ضائع ہوگئی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی۔

حصہ