دیہی علاقوں میں براڈ بینڈ کی فراہمی کی کوشش جا ری ہے، امین الحق

226

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی مواصلات سید امین الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کے مطابق پاکستان کے دیہی علاقوں میں براڈ بینڈ تک رسائی کی فراہمی کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں، دراز پاکستان کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دراز پاکستان کے کراچی میں اسکائی ٹاور ڈالمن سٹی میں نئے ہیڈ آفس کے افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں دراز پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر احسن سایا اور ڈائریکٹر کمرشل عمران سلیم کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر امین الحق نے پاکستان میں ڈیجیٹلائزیشن کے امکانات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم دراز کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے تاکہ پاکستان کے عوام ای کامرس اور ڈیجیٹلائزیشن سے باآسانی مستفید ہو سکیں۔