آئی ایم ایف کا حکم پیٹرول مزید مہنگا

253

وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کے لیے پیٹرول پر تقریباً دس روپے فی لیٹر اضافہ کردیا ہے اس کے علاوہ آئی ایم ایف کا حکم ہے کہ آئندہ سال سے گیس صارفین کے لیے سبسڈی ختم کردی جائے۔ جبکہ پیٹرولیم ڈویژن نے رحم کھاتے ہوئے مشورہ دیا ہے کہ ایک دم قتل کرنے کے بجائے رفتہ رفتہ قتل کیا جائے یعنی رفتہ رفتہ ختم کی جائے۔ پاکستان میں حکومت ہر قدم آئی ایم ایف کی شرائط کے کھاتے میں ڈال رہی ہے جبکہ اب سے پہلے آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر واضح کرچکی تھیں کہ ہم نے آمدنی بڑھانے اور ٹیکس میں اضافہ کے لیے کہا تھا اور غریبوں کو سبسڈی دینے اور امیروں سے واپس لینے کا کہا تھا جبکہ حکمران طبقہ اپنی عیاشیوں کی جانب توجہ نہیں کرتا اور ہر اقدام عوام کے خلاف اٹھایا جاتا ہے۔ ریٹیل سیکٹر، رئیل اسٹیٹ اور پرچون فروشوں چھوٹے تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں لانا تو اچھا ہے لیکن اندھے کی لاٹھی کی طرح گھمانے سے مسئلہ حل ہونے کے بجائے الجھ جائے گا۔ پہلے حکمران طبقہ قربانی دے پھر قوم سے مانگے۔