کشمیر میں پاکستانی پرچم کب لہرائے گا

519

برطانوی دارالحکومت لندن میں سکھوں نے بھارتی ہائی کمیشن میں داخل ہو کر بھارتی پرچم اُتار کر خالصتان کا پرچم لہرا دیا۔ بھارتی حکمرانوں کے ظلم اور سکھوں کو دوسرے تیسرے درجے کا شہری بنا کر رکھنے کے نتیجے میں خالصتان تحریک زور پکڑتی رہی اور یہ دن دیکھنے کو ملا کہ سکھوں نے خالصتان کا پرچم دنیا بھر کی سازشوں کے گڑھ لندن میں بھارتی ہائی کمیشن میں لہرا دیا۔ خالصتان کا پرچم لہرائے جانے سے زیادہ بھارتی ترنگا اُتارا جانا بھارتی حکمرانوں کے لیے بے عزتی کا سبب بنا ہے، لیکن یہ مکافات عمل ہے اس کا سامنا اس کو کرنا ہی پڑے گا۔ پاکستانی عوام نے بھی اس خبر کو بڑی مسرت کے ساتھ سنا ہوگا لیکن پاکستان کے ازلی دشمن کے ہاتھوں کشمیر پر قبضے کے 75 برس گزرنے کے باوجود پاکستان کے اٹوٹ انگ کشمیر پر آج تک پاکستانی حکمران، فوج، سیاسی رہنما کوئی پاکستانی پرچم نہیں لہرا سکا۔ کشمیر تو پاکستان کا حصہ ہے وہاں پاکستانی پرچم لہرانا پاک فوج اور پاکستانی حکمرانوں کا کام تھا لیکن یہ کام بھی مظلوم اور محصور کشمیریوں ہی نے انجام دیا اور بار بار دیا۔ سیدعلی گیلانی جدوجہد کرتے کرتے خود کو پاکستانی کہلاتے کہلاتے اپنے رب کے حضور پیش ہوگئے۔ اللہ ان کی سعی کو قبول فرمائے، لیکن کشمیر کے نام پر سیاست کرنے والوں، کشمیر کے نام پر حکومت حاصل کرنے والوں اور کشمیر کے نام پر بے حساب فنڈز اور طاقت لینے والوں نے کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنانے کے لیے کیا کیا۔ خالصتان کا پرچم لہرائے جانے سے کشمیریوں کے زخم ہرے ہوگئے کہ ان کے لیے کب پاکستانی حکمران اُٹھیں گے۔ کشمیرمیں پاکستان کا پرچم کب لہرائے گا۔