چین سے کھاد لانے و الے جہازوں کے بارے میں غلط تشہیر کی گئی،طارق حلیم

145

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر اور پاکستان شپ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین طارق حلیم نے چین سے کھاد کی درآمد کے حوالے سے پھیلی ہوئی خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھاد ایک بنیادی اجناس کی حیثیت سے ملک میں ایک اہم جزو ہے اور کھاد ہر سال مستقل بنیادوں پر درآمدکی جاتی ہے کیونکہ مقامی طلب پورا کرنے کے لیے مقامی پیداوار کافی نہیں ہے،ملک میں کھاد لانے والے دو جہاز چین سے یہاں پہنچنے کے بارے میں بعض اطلاعات کو غلط انداز میں پیش کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ MV. Amber L جہازجو کہ 45,000 میٹرک ٹن ڈی ۔اے۔پی کھاد لے کر منگل 17مارچ کو کراچی پورٹ ٹرسٹ پہنچا ہے، ڈی اے پی کھاد Yichang Cityنامی شہر میں واقع ایک فیکٹری میں تیار کی گئی ہے جو ووہان سے350 کلو میٹر دور ہے، مذکورہ جہاز نے Zhenjiangبندرگاہ سے ڈی اے پی کھاد کو لوڈ کیا تھا جو کہ ووہان شہر سے 621 کلومیٹر دور ہے جبکہ دوسرے جہاز MV. VTC Glory جو کہ 21,000میٹرک ٹنA.S کھاد لے کر بروز بدھ 18 مارچ2020 کو کراچی پورٹ پہنچ رہا ہے، یہ کھاد چین کے شہر Xiuyuمیں واقع ایک فیکٹری میں تیار کی گئی ہے جو کہ ووہان شہر سے 1070 کلومیٹر دور ہے۔