روزگار کے لئے پاکستان کے معاشی حالات مسحکم ہونا ضروری ہیں،ایس ایم منیر

234

کراچی(اسٹاف رپورٹر)یونائیٹڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیرنے کہا ہے کہ ملک کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کے روزگار کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان کے معاشی حالات بہتر ہوں، پیداواری لاگت کم کی جائیں تاکہ نئی صنعتیں لگیں اور وہاں نوجوانوں کو روزگار مہیا ہوسکے اور وہ دلبرداشتہ ہوکر بیرون ممالک کا رخ نہ کرسکیں،یونائٹیڈ بزنس گروپ کی قیادت نے ہمیشہ حکومت کو مثبت تجاویز دیں اور آئندہ بھی ہم تجارت وصنعت کی ترقی اور ملک کی خوشحالی کے لیے حکومت کو قابل عمل تجاویز دیتے رہیں گے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر عبدالرئوف عالم کی رہائشگاہ پراسلام آباد اورراولپنڈی میں موجود یو بی جی کے رہنمائوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر یو بی جی کے چیئرمین، سینئرنائب صدر سارک چیمبر آف کامرس افتخار علی ملک،طارق صادق، سہیل الطاف، عبدالوحید، ظفربختاوری، اسد مشہدی،ثمینہ فاضل، عارف جیوا، سہیل الطاف، زبیرملک، زاہدلطیف ملک، اسد مشہدی، شیخ عامروحید، خالدجاوید، عبدالوحید، ملک سہیل حسین، کریم عزیزملک،ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر ندیم شیخ،نوراحمدخان اوردیگر رہنما بھی موجود تھے۔ اجلاس میں پاکستان کے معاشی حالات، کاروباری مشکلات ،ملکی وغیرملکی سرمایہ کاری میں کمی،گیس کی قلت اور گیس وبجلی کے نرخوں میں اضافے سے پیدا شدہ مشکلات سمیت دیگرایشوز کا جائزہ لیا گیا۔ایس ایم منیر نے کہا کہ یونائٹیڈ بزنس گروپ تمام صوبوں میں مضبوط ہے اور پہلے سے بھی زیادہ قوت کے ساتھ اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھے گا،یو بی جی کے تمام ممبران میں یکجہتی برقرار ہے،ہم سب متحد رہ کربزنس کمیونٹی کے بہترمفاد اورتجارت وصنعت کے استحکام کے لیے کام کرتے رہیں گے اورجو چندمفاد پسند عناصر اپنے فوائد کے لیے تنازعات کو جنم دیتے ہیں ان کے خلاف جدوجہد کو جاری رکھیں گے،یو بی جی مرکزی کورکمیٹی کا آئندہ اجلاس ہفتہ29فروری کو لاہور میں منعقد ہوگا جس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے اوراراکین کو ذمہ داریاں دی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ یو بی جی میں قابل اور نوجوان اعلیٰ تعلیم یافتہ کاروباری افراد کی کھیپ موجود ہے جنہیں ہم آئندہ برسوں میں ذمہ داریاں نبھانے کے لیے آگے لائیں گے اجلاس میں یو بی جی کے چیئرمین افتخار علی ملک کی سارک چیمبر آف کامرس کے آئندہ صدرکے لیے نامزدگی پر مبارکباد پیش کی گئی اور اس توقع کا اظہار کیا گیا کہ افتخار علی ملک سارک چیمبر کی صدارت سنبھالنے کے بعد خطے میں پاکستان کی تجارت بڑھانے کے لیے جدوجہد کریں گے ۔