گوادر میں نئے عالمی ائرپورٹ پر تعمیراتی کاموں کا آغاز

122

کراچی (اسٹاف رپورٹر)چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت گوادر میں نئے عالمی ائرپورٹ پر تعمیراتی کاموں کا آغاز ہوگیا ہے ،گوادر میں ائر پورٹ کی تعمیر کے باقاعدہ آغاز کے لیے ہیوی میشنری اور افرادی قوت کو پہنچا دیا گیا ہے‘ عالمی ائرپورٹ کی تعمیر کے حوالے سے منصوبہ کے ڈیزائن اور فزیبلٹی کا بنیادی کام پہلے ہی مکمل کیا جا چکا ہے۔سی پیک اتھارٹی حکام کے مطابق نئے عالمی ائرپورٹ کی تعمیر سے سی پیک کے فریم ورک میں ایک اہم مقام حاصل ہو جائے گا جبکہ اس سے گوادر عالمی سطح پر ایوی ایشن کی صنعت کا ایک اہم مرکز بھی بنے گا۔ اس ائرپورٹ پر A380 بوئنگ سمیت دنیا کے دیگر بڑے سے بڑے جہازوں کی ہینڈلنگ کی سہولیات دستیاب ہوں گی جس کا مقصد عالمی سرمایہ کاروں اور سیاحوں کی آمد و رفت میں سہولیات فراہم کرنا ہے۔اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے موجودہ ائرپورٹ کے شمال مشرق میں 26 کلومیٹر دوری پر 3ہزار ایکڑ زمین کی نشاندہی کی ہے۔ نئے ائرپورٹ کو عالمی ا سٹیٹس حاصل ہوگا جو اوپن سکائی پالیسی کے تحت چلایا جائے گا، اسی دوران موجودہ ائرپورٹ کو بھی بڑے طیاروں کی آمد و رفت کے قابل بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔