پرنٹ پاک نمائش 2019ء؁ کا انعقاد 22نومبرسے ہو گا

279

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ملک میں پرنٹنگ اور گرافکس انڈسٹری کی ترقی کے لیے میں 22 نومبر سے 24 نومبر تک پرنٹ پاک نمائش 2019ء؁ کا انعقاد کیا جائے گا۔ نمائش کے حوالے سے ایک تقریب میں بتایا گیا کہ اس نمائش کا مقصد حکومتی اداروں، مقامی اور غیر ملکی ایسوسی ایشنوں، ایگزیبیٹرز، کاروباری برادری، تعلیمی اداروں، سپلائرز، صنعتی شعبے، تجارتی مندوبین کو ایک جگہ جمع کرنا اور مصنوعات اور خدمات کو اجاگر کرنا ہے تاکہ پرنٹنگ اور گرافکس و آرٹس صنعت کو فروغ دیا جاسکے۔تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور سرمایہ کاری، پنجاب، میاں محمد اسلم اقبال نے انڈسٹری ایسوسی ایشن (PAPGAI) کے کردار کو سراہا اور کہا کہ حکومت پرنٹنگ انڈسٹری کو مکمل تعاون فراہم کرے گی ، یہ ایک بڑی اہم صنعت ہے جو ملک میں بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع فراہم کررہی ہے جبکہ حکومت کو ٹیکس کی مد میں بڑی آمدنی بھی فراہم کرتی ہے۔ یہ نمائش دنیا بھر میں پاکستان میں صنعت کی ترقی اور اس میں موجود مواقع کو اجاگر کرے گی۔ پاکستان ایسوسی ایشن آف پرنٹنگ اینڈ گرافکس آرٹس انڈسٹری(PAPGAI) کے چیئرمین شاہد اکرام شیخ نے کہا کہ یہ نمائش صنعت کی ترقی اور پیشہ ور ماہرین کے لیے اہمیت کی حامل ہے جس میں انڈسٹری کے حوالے سے پیکیجنگ اور پرنٹنگ کے شعبے میں آنے والی جدید تبدیلیوں اور ترقی سے صنعت کو آگاہ کرنا اور صنعت کے مسائل کا حل تلاش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے میں ٹیکنالوجی تبدیلیوں کے چیلنجز ہیں اور ماہرین کے لیے اس شعبے میں موجود کامیابیوں کو اجاگر نے کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرنٹنگ انڈسٹری میں نئی ٹیکنالوجیز کا استعمال بڑھ رہا ہے۔