صنعتی ایریا کے نصب بجلی کے پولزانسانی جانوں کے لیے خطرہ بن گئے

453

کراچی (اسٹاف رپورٹر)نارتھ کراچی صنعتی ایریا کی سڑکوں کے درمیان نصب بجلی کے پولز انسانی جانوںکے لیے خطرہ بن گئے ہیں جوکسی وقت بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں جبکہ سڑکوں کے درمیان پولز نصب ہونے کی وجہ سے صنعتی ایریاکی سڑکوں کی تعمیر تعطل کا شکار ہو گئی ہے جس کی وجہ سے برآمدی مال کی ترسیل اور صنعتوں کو خام مال کی سپلائی بھی متاثر ہورہی ہے۔واضح رہے کہ سندھ حکومت کی طرف سے صنعتی زونز میں انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے فنڈز جاری کیے گئے ہیں جو صنعتی زونز کی سڑکوں کی تعمیر پر خرچ کیے جارہے ہیں۔نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں بھی سڑکوں کی تعمیر کا کام جاری ہے لیکن کے الیکٹرک کی جانب سے سڑکوں کے درمیان نصب بجلی کے پولز نہ ہٹنانے کے باعث تعمیراتی کام تعطل کا شکار ہورہا ہے۔اس ضمن میں نارتھ کراچی انڈسٹریل ڈیولپمنٹ و مینجمنٹ کمپنی ( نکائی )کے سی ای او صادق محمد کا کہنا ہے کہ نکائی اور کے الیکٹرک کے نمائندوں کے درمیان مارچ 2019 میں منعقد ہونے والے مشترکہ اجلاس میں یہ اتفاق کیا گیا تھا کہ کے الیکٹرک سڑکوں کے درمیان بجلی کے پولز ہٹا لے گا مگر ایسا نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ کے الیکٹرک کو یاد دہانی کے خطوط بھی بھیجے گئے اور پولز ہٹانے کے اخراجات برداشت کرنے کی بھی پیشکش کی گئی لیکن اس کے باوجود نارتھ کراچی صنعتی ایریا کی سڑکوں سے بجلی کے پولز نہیں ہٹائے گئے جس کی وجہ سے سڑکوں کی تعمیر کا کام تعطل کا شکار ہو رہا ہے اور اس کے نتیجے میں برآمدی مال کی ترسیل اور صنعتوں کو خام مال کی فراہمی متاثر ہورہی ہے۔