گرفتاریاں بجٹ سے توجہ ہٹانے کے لیے ہیں، سعید غنی

15

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ و پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدرسعید غنی نے کہا ہے کہ اس ملک میں احتساب کے نام پرڈراما چلایا جارہا ہے۔بجٹ سے ایک روز قبل آصف علی زرداری اور بجٹ والے روز حمزہ شہباز شریف کی گرفتاری کا مقصد عوام دشمن بجٹ جسے آئی ایم ایف کے نمائندے نے آج اسمبلی میں پیش کیا ہے، اس پر بحث نہ ہوسکے۔ملک میں نیب گردی، سیاسی انتقامی کارروائیوں اور مہنگائی کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی کا احتجاج کراچی سے خیبر تک تمام شہروں، گاؤں، دیہاتوں میں ہورہا ہے اور یہ احتجاج عوام کو ریلیف دینے تک جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز ڈسٹرکٹ سینٹرل کے تحت منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ ان احتجاجی مظاہروں کے ذریعے ہم حکومت اور نیب کو واضح طور پر یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم ان کے اوچھے ہتھکنڈوں اور گرفتاریوں سے خوف زدہ ہونے والے نہیں ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ ہماری قیادت اور کارکنان کسی سے خوف زدہ ہونے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام دشمن اور غریب دشمن حکومت کا چہرہ بے نقاب کرتے رہیں گے۔