ملتان، شادی سے انکار پر فائرنگ ، ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق

96

 

ملتان، مظفر گڑھ (اے پی پی) جلال پور پیر والا میں اتوارکی صبح ایک نوجوان نے شادی سے انکار پر آڑھتی کے گھرمیں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔ بعد ازاں حملہ آور نے بھی مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔ ریسکیو 1122 کے مطابق جلالپورپیروالاکے محلہ اسلام پورہ کالونی میں 21سالہ نوجوان ملزم عتیق الرحمن ولد فخر الاسلام نے رفیق آڑھتی کے گھرمیں گھس کر اندھادھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں آڑھتی ،اس کی بیٹی اوربیٹا موقع پرجاں بحق ہوگئے جبکہ گھرکے پانچ افرادشدیدزخمی ہوگئے جنہیں نشتراسپتال منتقل کردیاگیاہے ۔زخمیوں میں دس سالہ ثنا کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے ۔فائرنگ کے بعد ملزم عتیق الرحمن نے خودکوبھی گولی مارلی اورموقع پرہلاک ہوگیا۔اہل علاقہ کے مطابق ملزم عتیق کاتعلق خوشاب سے ہے اس کی عمر 21سال ہے اوروہ رفیق کی بیٹی کے ساتھ شادی کرنا چاہتا تھا، انکار پر وہ طیش میں آگیا اور اس نے گھر میں آکر فائرنگ کردی۔ مرنے والوں میں محمد رفیق ولد غلام نبی عمر 50 سال، محمد آصف ولد محمد رفیق عمر 19 سال اور نسرین بی بی دخترمحمدرفیق عمر22سال شامل ہیں ۔زخمی ہونے والوں میں نسیم بی بی دخترمحمد رفیق عمر24سال ،شمیم زوجہ محمد رفیق عمر45سال ،سلیم ولدمحمد رفیق عمر21سال ،ندیم ولدمحمد رفیق عمر25سال اورثناء بی بی عمر10سال شامل ہیں ۔ مظفر گڑھ ایس ایچ او تھانہ سٹی علی پور عمران حمید ماڑھا نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ علی پور شہر کے مختلف علاقوں میں ریڈ کر کے رحیم یار خان اور تحصیل علی پور کے مختلف علاقوں کے قحبہ خانوں کے مالکان سمیت 26 مردو خواتین کو رنگ رلیاں مناتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ ایس ایچ او تھانہ سٹی علی پور نے ڈی پی او مظفرگڑھ صادق علی ڈوگر کی ہدایت پر سماجی برائیوں کیخلاف کریک ڈاون کا آغاز کر تے ہوے شہر کے مختلف مقامات پر عرصہ دراز سے قائم قحبہ خانوں پر چھاپے مار کر 14 خواتین اور 12 مردوں کو رنگ رلیاں مناتے ہوئے گرفتار کر کے چار الگ الگ مقدمات درج کرلیے ہیں۔ ایس ایچ او نے تمام ملزمان کو بلاتفریق کارروائی کر کے حوالات میں بند کردیا۔ اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ سٹی عمران حمید ماڈھا نے میڈیا کو بتایا کہ ڈی پی او صادق علی ڈوگر کی ہدایات پر تھانہ سٹی کی حدود میں فحاشی کے اڈے اور منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاون جاری رہے گا اور کسی سے رعایت نہیں برتی جائے گی۔ دوسری جانب شہریوں نے قحبہ خانہ کیخلاف کارروائی اور علاقے میں برائی کا اڈہ ختم کرنے پر مظفرگڑھ پولیس کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ڈی پی او صادق علی ڈوگر نے بھی پولیس ٹیم کے لیے نقد انعام اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔