حیدر آباد: منافع خوروں کیخلاف ٹارگیٹڈ کارروائیاں،20 پر جرمانے

29

 

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) مہنگائی اور منافع خوری روکنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی لیاقت کالونی قائد آباد بازار سمیت کئی علاقوں میں ٹارگٹڈ کارروائیاں، 11 منافع خور گرفتار، 20 سے زائد پر منافع خوری کرنے پر جرمانے، ڈپٹی کمشنر کی افسرا ن کو عوامی شکایات پر’’کوئیک رسپونس‘‘ کی ہدایت، ضلع بھر میں بازاروں، مارکیٹوں میں سرکاری ریٹ کی لسٹیں آویزاں نہ کرنے والے دکانداروں کی گرفتاری اور بھاری جرمانے کرنے کا سلسلہ جاری۔ رمضان المبار ک میں مہنگائی اور منافع خوری روکنے کے لیے جاری کارروائیوں کے سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی فراز احمد صدیقی کی سرکردگی میں مارکیٹ کمیٹی، پرائس کنٹرول کے عملے نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ لیاقت کالونی قائد آباد بازار میں ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے 11 منافع خوروں کو گرفتار کرلیا، جبکہ 20 سے زائد منافع خوروں پر ہزاروں روپے جرمانے کیے گئے اور شہریوں سے سرکاری ریٹ سے زائد وصول کی گئیں رقوم واپس کرائی، کارروائی کے دوران شہریوں کی بڑی تعداد نے افسران کی موجودگی میں پھل، اجناس کی خریداری کی، ڈپٹی کمشنر سید اعجاز علی شاہ نے اسسٹنٹ کمشنرز سمیت متعلقہ تمام افسران کو شکایتی مراکز اور مرکزی کنٹرول روم پر ملنے والی شکایت پر ’’کوئیک رسپونس‘‘ کی ہدایت کی ہے، جبکہ ضلع بھر کے تمام چھوٹے بڑے بازاروں، مارکیٹوں میں سرکاری ریٹ کی لسٹیں آویزاں نہ کرنے والے دکانداروں کی گرفتاری اور بھاری جرمانے کرنے کے احکامات دیے ہیں۔ قائد آباد بازار میں کارروائی کے دوران پھل، سبزی فروشوں اور دکانداروں پر لسٹیں موجود نہ ہونے پر اسسٹنٹ کمشنر نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور مارکیٹ کمیٹی اور پرائس کنٹرول کے عملے اور افسران کو صبح 11 بجے سے افطار کے اوقات تک بازار میں اپنی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ واضح رہے کہ رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سٹی، لطیف آباد، قاسم آباد سمیت تمام علاقوں میں منافع خوری روکنے کے لیے بھرپور کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، جس میں پہلے مرحلے میں جرمانوں کے بعد منافع خوری میں ملوث افراد کی گرفتاریاں جاری ہیں۔ لیاقت کالونی قائد آباد میں کارروائی کے دوران اسسٹنٹ مختار کار سعید احمد ودیگر افسران بھی موجود تھے۔