معاشی ترقی کے لیے ٹیلی نار پاکستان کی سسٹین ایبلٹی رپورٹ 2017-18ء کا اجراء

22

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ملک کی معروف ٹیلی کام کمپنی ٹیلی نار پاکستان نے معیشت اور معاشرے کے لئے گراں قدر کردار کے حوالے سے اپنی سسٹین ایبلٹی رپورٹ 2017-18ء جاری کر دی ہے جس میں پاکستانی معیشت اور معاشرے کی ترقی کے سلسلہ میں کمپنی کی کوششوں کو واضح کیا گیا ہے۔ کمپنی نے عوام کے ساتھ رابطے کے اپنے نصب العین اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) کے سلسلے میں اپنی بنیادی حکمت عملیوں اور سرگرمیوں کے سلسلے میں بتایا ہے کہ ٹیلی نار پاکستان ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے اپنا نمایاں کردار جاری رکھے گی۔ رپورٹ میں ٹیلی نار پاکستان کی سرمایہ کاری اور براہ راست اور بالواسطہ ٹیکسوں کے سلسلے میں قومی خزانے میں جمع کرائے گئے اس کے حصہ سے بھی آگاہ کیا گیا ہے اور پاکستان کی صف اول کے روزگار فراہم کرنے والی کمپنی کے کردار کو بھی واضح کیا گیا ہے جس سے بالواسطہ اور بلاواسطہ ہزاروں افراد وابستہ ہیں۔
زراعت ، ڈیجیٹل خواندگی، متنوع اور جامع زندگی، ماحولیات، انسانی حقوق، اقدار اور تعمیل کے سلسلے میں اہم شعبوں میں ٹیلی نار پاکستان کی ڈیجیٹل خدمات کے طاقت ور سماجی پہلو سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔ ٹیلی نار پاکستان کے چیف کارپوریٹ افیئرز آفیسر کمال احمد نے کہا کہ سسٹین ایبلٹی رپورٹ 2017-18ء ہماری ان کاوشوں کو موثر طور پر بیان کرتی ہے اور ہمارے درست سمت میں کی جانے والی کوششوں کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کو بااختیار بنانے کے ہمارے وژن کے تحت رپورٹ میں ملک میں جدت آمیز تجارتی سرگرمیوں، شفاف، پائیدار اور موثر نظام کی جانب ہمارے سفر کو پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلی نار پاکستان نے تمام شعبوں میں پائیدار ترقی کے ذریعے پاکستان کے بہتر مستقبل کی تعمیر کا عزم کر رکھا ہے اور ہم ملک کی بہتر خدمت کے لئے مزید جدت آمیز طریقوں کا جائزہ لیتے رہیں گے۔