سید مودودی ؒ کی تحریک انبیاکی دعوت کا تسلسل ہے‘ پروفیسر ابراہیم

24
کراچی: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان پروفیسر ابراہیم و دیگر ضلع قائدین کے ذمے داران سے خطاب کررہے ہیں
کراچی: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان پروفیسر ابراہیم و دیگر ضلع قائدین کے ذمے داران سے خطاب کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر پروفیسر ابراہیم نے کہا ہے کہ برصغیر میں انبیا کرام کے کام کو آگے بڑھانے کے لیے اللہ تعالیٰ نے سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ سے کام لیا اور مولانا نے ایک عظیم الشان تحریک برپا کی، اخوان المسلمون کے رہنما سید قطب اور مولانا مودودی ؒ نے ایک ہی فکرکی بنیاد پر دین کی تحریکوں میں نبی کریم ؐ کی تعلیمات بطوربنیاد رکھیں، ہم اسی راستے پر آگے بڑھ رہے ہیں ، اللہ تعالیٰ نے حضرت آدم ؑ کے ساتھ ساتھ شیطان کو بھی زمین پر اتار ا کیونکہ اس نے انسان کی تخلیق کرتے وقت اللہ کی عزت کی قسم کھاکر کہا تھا کہ میں تیرے بندوں کو ہدایت کے اس راستے سے ہٹاؤں گا ،لہٰذا ہمیں ان چیزوں سے بچنا چاہیے، جو شیطان کے کام ہوسکتے ہیں ، مومن کو ہر وقت دین کی وہ تربیت حاصل کرنی چاہیے، جو اندرونی و بیرونی محاذ پر شیطان کا مقابلہ کرسکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع قائدین کراچی کے پہلے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عبوری امیر ضلع سیف الدین ایڈووکیٹ نے ارکان کو ان کی ذمے داری کا احساس دلایا تاکہ ارکان کی حاضری کو بہتر اور کمزوریوں کو دور کیا جائے ،انہوں نے کہا کہ اجتماع میں ارکان کی تجاویز ،مشورے، سوال وجواب کی بڑی اہمیت ہے تاکہ اس کی روشنی میں ضلع کی مضبوط بنیاد پر منصوبہ بندی کی جاسکے ۔اجتماع میں امرا ئے زون نے رپورٹ پیش کی۔